Advertisement

بارش کے باعث فائنل منسوخ، پاکستان بلائنڈ ایشیا کپ کرکٹ کا نیا چیمپئن

Calender Icon جمعہ 20 نومبر 2026

ڈھاکہ: پاکستان کرکٹ ٹیم ایشیا کپ بلائنڈ کرکٹ ٹورنامنٹ کی نئی چیمپئن بن گئی ہے، بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں مسلسل بارش کے باعث بھارت کے خلاف فائنل میچ نہ ہو سکا جس کے بعد میچ ریفری نے ایونٹ کے قواعد و ضوابط کے تحت پاکستان کو فاتح قرار دے دیا۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق ڈھاکہ میں پاکستان اور دفاعی چیمپئن بھارت کے درمیان شیڈول فائنل مقابلہ مسلسل بارش کے باعث شروع نہ ہو سکا۔ ایونٹ کے پہلے سے طے شدہ قواعد و ضوابط کے تحت، جو سات نومبر کو تمام شریک اراکین کو بھجوا دیے گئے تھے، فائنل منسوخ ہونے کی صورت میں پوائنٹس ٹیبل پر برتری کی بنیاد پر فیصلہ کیا گیا۔ پاکستان نے لیگ مرحلے کے تینوں میچز میں سری لنکا، بنگلہ دیش اور بھارت کو شکست دے کر ایونٹ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کی تھی اور وہ پوائنٹس، بہتر رن اوسط اور ہیڈ ٹو ہیڈ مقابلے میں بھارت سے آگے تھا، جس کی بنا پر میچ ریفری نے پاکستان کو ٹورنامنٹ کا فاتح قرار دیا۔

دوسری جانب بھارتی بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے اس فیصلے پر اختتامی تقریب کا بائیکاٹ کیا اور اسٹیڈیم سے روانہ ہو گئی۔ اختتامی تقریب میں مہمانِ خصوصی ڈائریکٹر بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ عبداللہ الفواد نے پاکستانی کھلاڑیوں میں انعامات اور چیمپئن شپ ٹرافی تقسیم کی، جبکہ اس موقع پر ڈائریکٹر رنگپور رائیڈرز شہزاد اکبر سبحان اور بنگلہ دیش میں پاکستان کے ہائی کمشنر عمران حیدر سمیت دیگر معززین بھی موجود تھے۔