شمالی وزیرستان(Northwazirstan) کے علاقے میرعلی میں سیکیورٹی فورسز کا سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن جاری ہے، جس کے دوران حیدر خیل میں ایک خالی رہائشی مکان سے بھاری ہتھیاروں، جدید اسلحے اور بڑی مقدار میں بارودی مواد کا ذخیرہ برآمد کر لیا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فتنہ الخوارج نے حیدر خیل میں ایک خالی رہائشی مکان کو اسلحہ اور دھماکا خیز مواد چھپانے کے لیے استعمال کر رکھا تھا۔ فورسز نے کارروائی کے دوران مکان کی تلاشی لی اور کھدائی کے نتیجے میں وہاں چھپائے گئے بھاری ہتھیار برآمد کر لیے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ برآمد ہونے والے سامان میں جدید اسلحے کے علاوہ کواڈ کاپٹر ڈراپ کٹ بھی شامل ہے، جسے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ کواڈ کاپٹر ڈراپ کٹ کے ذریعے ڈرون سے مخصوص اشیا یا بارودی مواد گرانے کی صلاحیت حاصل کی جا سکتی ہے۔
مزیدپڑھیں:آزاد کشمیر، پلندری میں پولیس پر فائرنگ سے 2 اہلکار زخمی
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق میرعلی اور اس کے گردونواح میں سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن جاری ہے، جس کا مقصد علاقے میں چھپائے گئے اسلحے اور دھماکا خیز مواد کی موجودگی کا سراغ لگانا اور ممکنہ خطرات کا خاتمہ کرنا ہے۔
ذرائع نے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور اس مقصد کے لیے کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
تاہم، حکام کی جانب سے تاحال برآمد ہونے والے اسلحے اور بارودی مواد کی مکمل تفصیلات یا آپریشن کے اختتام سے متعلق باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔













اتوار 22 نومبر 2026 
