Advertisement

انمول بلوچ نے ڈراموں میں زبردستی نکاح دکھانے کے رجحان پر سوال اٹھا دیا

Calender Icon اتوار 22 نومبر 2026

اداکارہ اور ماڈل انمول بلوچ(Anmol Baloch) نے ڈراموں میں جبری شادیوں اور زبردستی نکاح کے مناظر دکھانے کے رواج پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ذاتی طور پر اس کہانی کے انداز سے اتفاق نہیں کرتیں، لیکن اس کے باوجود یہ موضوع اکثر ڈراموں کا حصہ بن جاتا ہے۔

انمول بلوچ کو شوبز انڈسٹری میں کام کرتے ہوئے تقریباً ایک دہائی ہوچکی ہے۔ اپنی خوبصورتی، فیشن سینس اور منتخب کرداروں کے باعث انہوں نے مداحوں میں پہچان بنائی۔ حالیہ عرصے میں وہ ’اقتدار‘، ’شدت‘ اور اب ’نشتر‘ جیسے ڈراموں میں کام کرکے مسلسل توجہ حاصل کررہی ہیں۔

ملیحہ رحمان کے شو میں گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ نے بتایا کہ پاکستانی ڈراموں میں اکثر ہیرو کو ہیروئن سے زبردستی شادی کرتے دکھایا جاتا ہے۔ بعض کہانیوں میں دونوں مرکزی کرداروں کو بھی ان کی مرضی کے خلاف رشتہ ازدواج میں باندھ دیا جاتا ہے۔

مزیدپڑھیں:’درِنجات‘ میں منفی کردار امان گجر پر مداحوں کی تنقید،شہریار منور نے ردعمل دیدیا

انمول بلوچ کے مطابق اس رجحان کی ایک وجہ یہ بھی ہوسکتی ہے کہ ٹی وی اسکرین پر غیر شادی شدہ جوڑے کے درمیان رومانوی تعلق دکھانے سے گریز کیا جاتا ہے، چنانچہ کہانی میں نکاح یا شادی کو اس تعلق کی بنیاد بنا دیا جاتا ہے۔ بعض ڈراموں میں یہ بھی دکھایا جاتا ہے کہ ہیروئن کی شادی کسی دوسرے شخص سے ہونے والی ہوتی ہے، لیکن عین وقت پر ہیرو آکر اس سے نکاح کرلیتا ہے اور پھر ہیروئن کو احساس ہوتا ہے کہ اصل میں وہی اس کا ہم سفر ہے۔

اداکارہ نے واضح کیا کہ انہیں خود اس طرح کی جبری شادیوں پر مبنی کہانیاں پسند نہیں ہیں اور وہ اس رجحان سے اتفاق نہیں کرتیں۔ تاہم ان کے بقول کسی نہ کسی طرح یہ عنصر اکثر ڈراموں کی کہانی میں شامل ہوجاتا ہے۔