Advertisement

پنجاب کو بدنام کرنے کا الزام، امیتابھ بچن اور سونی ٹی وی کو قانونی نوٹس

Calender Icon پیر 23 نومبر 2026

بھارت میں پنجاب کے ضلع سنگرور سے تعلق رکھنے والے ایک وکیل نے بالی وڈ اداکار امیتابھ بچن(Amitabh Bachchan) اور سونی ٹی وی کو قانونی نوٹس بھجوا دیا ہے، جس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ مقبول ٹی وی پروگرام ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ کے ایک پروگرام میں پنجاب کو منفی انداز میں پیش کیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ایڈووکیٹ اندر جیت اروڑا نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ اس میں امیتابھ بچن مبینہ طور پر امیدوار سے پوچھتے ہیں کہ بھارت کی کس ریاست میں جرائم پیشہ افراد نے حال ہی میں پولیس اسٹیشنز پر بلاخوف بم حملے کیے ہیں؟

ویڈیو میں سوال کے لیے اتر پردیش، چھتیس گڑھ، مغربی بنگال اور پنجاب کے نام بطور جوابات دیے گئے ہیں۔ امیدوار 50:50 لائف لائن استعمال کرتا ہے، جس کے بعد مبینہ طور پر پنجاب کو درست جواب قرار دیا جاتا ہے۔ سوال کی مالیت ساڑھے 12 لاکھ بھارتی روپے بتائی گئی ہے۔


وکیل اندر جیت اروڑا کا مؤقف ہے کہ یہ عمومی معلومات کا سوال نہیں بلکہ ایک ریاست کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے۔ انہوں نے امیتابھ بچن اور سونی ٹی وی سے ویڈیو فوری طور پر نشر و اشاعت کے ذرائع سے ہٹانے اور اگر یہ پروگرام کی حقیقی ریکارڈنگ ہے تو غیر مشروط معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔

مزیدپڑھیں:سلمان خان کی نئی ویڈیو سے مداح تشویش میں مبتلا، صحت سے متعلق سوالات اٹھنے لگے

تاہم ویڈیو کی صداقت کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اسے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ذریعے تیار یا تبدیل کیا گیا ہو سکتا ہے۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی قریباً دو منٹ کی اس ویڈیو کے حوالے سے یہ بھی واضح نہیں کہ مذکورہ سوال واقعی پروگرام میں نشر کیا گیا تھا یا نہیں۔


وکیل کے مطابق اگر ویڈیو جعلی ثابت ہوئی تو اسے تیار کرنے یا پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی پر بھی غور کیا جا سکتا ہے۔ دوسری جانب امیتابھ بچن یا سونی ٹی وی کی جانب سے قانونی نوٹس پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے آنے کی تصدیق نہیں ہو سکی۔