Advertisement

شادی پر انوکھی سلامی؛ دلہے کو ایک کروڑ مالیت کے 100 فٹ لمبے ہار کا تحفہ

Calender Icon منگل 24 نومبر 2026

سوشل میڈیا(Social media) پر شادی کی ایک تقریب دنیا بھر میں توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے جس کی وجہ دو دلہوں کو سلامی میں ملنے والے 100 فٹ لمبے ہار ہیں جن کی مالیت تقریباً دو کروڑ بھارتی روپے بتائی جارہی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ غیر معمولی تحفہ ریاست اترپردیش کے شہر متھرا میں ہونے والی ایک شادی کی تقریب میں یوگیش کمار ٹھاکر نامی شخص نے دونوں دلہوں کو پیش کیا۔

یہ تحفہ شادی کی روایتی رسم ’گھڑچڑھی‘ کے دوران پیش کیا گیا، جس میں دلہا سجی ہوئی گھوڑی پر سوار ہوکر بارات کے لیے روانہ ہوتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق دونوں دلہوں کو الگ الگ ہار پہنائے گئے، جن میں سے ہر ایک کی مالیت مبینہ طور پر ایک کروڑ بھارتی روپے تھی۔ یہ ہار 500 روپے کے کرنسی نوٹوں سے تیار کیے گئے تھے۔

مزیدپڑھیں:مشہور پاکستانی پاپ گلوکار انتقال کر گئے

دلچسپ بات یہ ہے کہ 100 فٹ لمبے ان ہاروں کو غیر معمولی حجم اور وزن کے باعث اٹھانے اور سنبھالنے کے لیے کئی افراد کی مدد لینا پڑی اور دونوں دلہوں کو ایک چھت پر کھڑا کیا گیا، جہاں انہیں یہ بھاری بھرکم ہار پہنائے گئے۔


شادی کی اس غیر معمولی تقریب کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی ہیں۔

اترپردیش میں ہونے والی شادی کی اس تقریب کے اس منظر نے شادی میں شریک مہمانوں اور مقامی لوگوں کو بھی حیران کیا، جبکہ متعدد افراد نے اپنے موبائل فونز سے اس موقع کی ویڈیوز بھی بنائیں۔


ان ویڈیوز کے وائرل ہونے کے بعد یہ غیر معمولی تحفہ سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بنا ہوا ہے اور بعض عالمی خبر رساں اداروں نے بھی ان ویڈیوز کو شیئر کیا ہے۔

سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے اس تحفے سے متعلق ملا جلا رجحان سامنے آرہا ہے۔

بعض صارفین اس غیر معمولی تحفے پر حیرت اور خوشی کا اظہار کرتے نظر آرہے ہیں جب کہ کچھ صارفین نے اسے دولت کی غیر ضروری نمائش قرار دیتے ہوئے تنقید کی ہے۔