فیکٹ چیک: افغانستان کی پرانی ویڈیو بلوچستان میں بدامنی سے جوڑ کر شیئرکی گئی

Calender Icon پیر 16 نومبر 2026

ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی جا رہی ہے جس میں ایک بکتر بند فوجی گاڑی کو ایک گنجان آباد علاقے سے گزرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہےجبکہ وہاں موجود لوگ اس پر پتھر اور دیگر اشیا پھینک رہے ہیں۔

ویڈیو کے ساتھ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ یہ بلوچستان میں پاک فوج کے خلاف عوامی غم و غصے کا اظہار ہےتاہم یہ دعویٰ درست نہیں، ویڈیو کا پاکستان سے کوئی تعلق نہیں اور اس کے مناظر غالباً افغانستان میں ریکارڈ کیے گئے تھے۔

دعویٰ

23 اکتوبر کو ایک صارف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس، جو پہلے ٹوئٹر کے نام سے جانا جاتا تھا، پر یہ ویڈیو اردو زبان کے ایک کیپشن کے ساتھ شیئر کی، کیپشن سے تاثر ملتا ہے کہ بلوچستان میں حالات خراب ہوتے جا رہے ہیں۔

ویڈیو میں ایک گنجان آباد علاقے کی سڑک پر لوگوں اور مقامی گاڑیوں کا ہجوم دکھائی دیتا ہے، اسی دوران متعدد افراد ایک بکتر بند فوجی گاڑی پر پتھر اور دیگر اشیا پھینکتے نظر آتے ہیں، جو سڑک سے گزر رہی ہوتی ہے۔

اس نیوز آرٹیکل کی اشاعت کے وقت تک اس پوسٹ کو تقریباً ایک لاکھ 44 ہزار 661 مرتبہ دیکھا جا چکا تھاجبکہ اسے 5 ہزار 300 سے زائد لائکس اور ایک ہزار 400 مرتبہ ری پوسٹ کیا گیا تھا۔

حقیقت

یہ ویڈیو نہ تو حالیہ ہے اور نہ ہی پاکستان میں ریکارڈ کی گئی ہے۔

ویڈیو کے مختلف کی فریمز(key frames) کے اسکرین شاٹس کی مدد سے ریورس امیج سرچ کی گئی تو معلوم ہوا کہ یہ فوٹیج 2020 میں بھی انٹرنیٹ پر موجود تھی۔

اس تحقیق کے دوران سامنے آنے والی قدیم ترین میڈیا رپورٹس ایرانی خبر رساں ویب سائٹ ’خبر آن لائن‘ ( Khabar Online) نے 8 دسمبر 2020 کو جبکہ روسی ویب سائٹ ’ٹاپ وار‘ (TopWar) نے 9 دسمبر 2020 کو شائع کی تھیں۔

دونوں رپورٹس کے مطابق ویڈیو میں افغانستان کے مقامی شہریوں کو 2020 میں ایک امریکی فوجی گاڑی پر پتھراؤ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

مزید پڑھیں:ٹرمپ انتظامیہ کا 25 سے زائد اے آئی کمپنیز کو نیشنل چیمپئنز کا درجہ دینے کا منصوبہ

فیصلہ: یہ دعویٰ غلط ہے کہ ویڈیو میں بلوچستان کے لوگوں کو پاک فوج کے خلاف غم و غصے کا اظہار کرتے دیکھا جا سکتا ہے، درحقیقت یہ فوٹیج 2020 کی ہے اور اس میں افغان شہریوں کو ایک امریکی فوجی گاڑی پر پتھراؤ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔