Advertisement

فیکٹ چیک: 18 سال بعد 90 روز میں شناختی کارڈ نہ بنوانے پر قید ہو سکتی ہے

Calender Icon جمعرات 19 نومبر 2026

نادرا مقررہ مدت میں شناختی کارڈ کے لیے درخواست نہ دینے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کر سکتا ہے، تاہم اب تک کسی کو اس قانون کے تحت سزا نہیں دی گئی۔

سوشل میڈیا پر ایک گرافک شیئر کیا جا رہا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ 18 سال کی عمر مکمل ہونے کے بعد قومی شناختی کارڈ (CNIC) نہ بنوانا جرم ہے، جس پر چھ ماہ تک قید ہو سکتی ہے۔

یہ دعویٰ درست ہے۔

دعویٰ

3 نومبر کو انسٹاگرام پر ایک صارف نے ایک گرافک شیئر کیا جس میں کہا گیا کہ 18 سال یا اس سے زائد عمر کے ایسے افراد جنہوں نے اپنا شناختی کارڈ نہیں بنوایا، انہیں جیل جانا پڑ سکتا ہے۔

پوسٹ کے اردو کیپشن میں لکھا تھا: ’’18 سال کی عمر ہونے کے باوجود شناختی کارڈ نہ بنوانا جرم ہے، جس کی سزا 6 ماہ قید ہے، نادرا آرڈیننس 2000 کی دفعہ 30 کے تحت۔‘‘

اسی طرح کی پوسٹس ٹک ٹاک پر بھی شیئر کی گئیں، جہاں کئی صارفین نے اس دعوے کی حقیقت جاننے کے لیے سوالات اٹھائے۔

حقیقت

یہ دعویٰ درست ہے۔ قومی ڈیٹا بیس و رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) آرڈیننس 2000 کے تحت 18 سال کی عمر مکمل ہونے کے بعد مقررہ مدت میں قومی شناختی کارڈ (سی این آئی سی) کے لیے درخواست نہ دینا قابلِ سزا جرم ہے، تاہم اس کا اطلاق بعض شرائط کے تحت ہوتا ہے۔

آرڈیننس کی دفعہ 30 کے مطابق، اگر کوئی شخص 18 سال کا ہونے کے 90 روز کے اندر معقول وجہ کے بغیر شناختی کارڈ کے لیے درخواست نہیں دیتا تو اسے چھ ماہ تک قید، 50 ہزار روپے تک جرمانہ یا دونوں سزائیں ہو سکتی ہیں۔

قانون کی متعلقہ شق میں کہا گیا ہے کہ جو شخص ”18 سال کی عمر کو پہنچنے کے 90 روز کے اندر معقول وجہ کے بغیر قومی شناختی کارڈ کے لیے درخواست نہیں دیتا“ اسے چھ ماہ تک قید، 50 ہزار روپے تک جرمانے یا دونوں سزاؤں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

اس حوالے سے نادرا کے ترجمان سید شباہت علی نے فیکٹ چیک پر بتایا کہ پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں شہریوں کا اندراج کرانا ان کا حق بھی ہے اور ذمہ داری بھی۔

انہوں نے کہا، ”رجسٹریشن صرف آپ کا حق نہیں بلکہ آپ کی ذمہ داری بھی ہے۔“

سید شباہت علی نے وضاحت کی کہ جو افراد 18 سال کی عمر مکمل ہونے کے بعد کسی معقول وجہ یا ناگزیر مجبوری کے بغیر جان بوجھ کر شناختی دستاویزات حاصل نہیں کرتے، انہیں قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ یہ قانونی شق 2000 سے نافذ ہے اور 2026 میں بھی برقرار ہے۔

تاہم، سید شباہت علی نے واضح کیا کہ اگرچہ نادرا مقررہ مدت میں شناختی کارڈ کے لیے درخواست نہ دینے والوں کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر سکتا ہے، لیکن اب تک اس شق کے تحت کسی کو سزا نہیں دی گئی۔ ان کے مطابق، نادرا کی توجہ شہریوں کو شناختی کارڈ کے حصول میں سہولت فراہم کرنے اور اس حوالے سے آگاہی پیدا کرنے پر ہے۔

مزید پڑھیں:اب تک اس شق کے تحت کسی کو سزا نہیں دی گئی

فیصلہ: دعویٰ درست ہے۔ نادرا آرڈیننس 2000 کی دفعہ 30 کے تحت 18 سال کی عمر مکمل ہونے کے 90 روز کے اندر معقول وجہ کے بغیر قومی شناختی کارڈ کے لیے درخواست نہ دینا قابلِ سزا جرم ہے۔ اس پر چھ ماہ تک قید، 50 ہزار روپے تک جرمانہ یا دونوں سزائیں ہو سکتی ہیں۔