امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے چین، بھارت، یورپی یونین اور دیگر اہم تجارتی شراکت داروں سے درآمدات پر نئے محصولات عائد کرنے کی تیاری کرلی ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق چین، بھارت، یورپی یونین اور 14 دیگر معیشتیں امریکی ٹیرف کے نئے منصوبے کی زد میں آ سکتی ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی دوسری صدارتی مدت کے آغاز سے ہی امریکی صنعتوں کے تحفظ، ملکی پیداوار میں اضافے اور تجارتی خسارے کو کم کرنے کے لیے درآمدی اشیا پر ٹیرف بڑھانے کی پالیسی اختیار کر رکھی ہے۔ امریکا اور چین کے درمیان تجارتی جنگ کا آغاز 2018 میں ٹرمپ کے پہلے دورِ صدارت میں ہوا تھا، جب دونوں ممالک نے ایک دوسرے کی مصنوعات پر بھاری محصولات عائد کیے تھے۔
ٹرمپ کا مؤقف ہے کہ دوسرے ممالک امریکی منڈی سے فائدہ اٹھاتے ہیں، اپنی مصنوعات کو سرکاری سبسڈیز کے ذریعے سستا رکھتے ہیں اور امریکی کمپنیوں کے ساتھ غیر منصفانہ مقابلہ کرتے ہیں۔ ان کی انتظامیہ ٹیرف کو امریکی صنعتوں کے تحفظ، روزگار کے مواقع بڑھانے اور تجارتی شراکت داروں کو بہتر معاہدوں پر آمادہ کرنے کا ذریعہ قرار دیتی ہے
وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے نئے محصولات کا اعلان رواں ہفتے متوقع ہے تاہم اعلان کے وقت میں تبدیلی بھی ہوسکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکی تجارتی نمائندے جیمیسن گریئر کئی ماہ سے جاری تحقیقات کے نتائج سامنے لاسکتے ہیں، جن میں ان ممالک کی صنعتی پالیسیوں، سرکاری سبسڈیز اور اضافی پیداواری صلاحیت کا جائزہ لیا گیا ہے۔
امریکی حکومت کا الزام ہے کہ بعض ممالک اپنی مقامی صنعتوں کو بھاری سرکاری مالی معاونت اور سبسڈیز فراہم کرکے ضرورت سے زیادہ اشیا تیار کررہے ہیں، جس کے باعث ان کی مصنوعات عالمی منڈیوں میں کم قیمت پر فروخت ہوتی ہیں اور امریکی صنعت کاروں کو مسابقت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یورپی یونین، جاپان اور جنوبی کوریا پر 15 فیصد یا اس سے کم ٹیرف عائد کیے جانے کا امکان ہے کیونکہ ان ممالک نے امریکا کے ساتھ تجارتی معاہدے کیے ہوئے ہیں۔
دوسری جانب چین، بھارت اور ویتنام پر نسبتاً زیادہ محصولات عائد کیے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، خصوصاً چین کو زیادہ شرح کے ٹیرف کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
تاہم ابھی تک کسی ملک کے لیے حتمی ٹیرف کی شرح یا اس کے نفاذ کی تاریخ کا سرکاری اعلان نہیں کیا گیا۔
امریکی انتظامیہ کی تحقیقات کا بنیادی مقصد یہ جانچنا ہے کہ آیا دوسرے ممالک اپنی صنعتوں کو سرکاری مالی معاونت دے کر عالمی منڈی میں غیر منصفانہ تجارتی برتری حاصل کررہے ہیں۔
واشنگٹن کا مؤقف ہے کہ سرکاری سبسڈیز کے ذریعے پیداوار بڑھانے والے ممالک کی مصنوعات امریکی صنعتوں کے لیے مشکلات پیدا کررہی ہیں۔
امریکی تجارتی نمائندے کے دفتر نے اس سلسلے میں سیکشن 301 کے تحت تحقیقات کی ہیں جو امریکا کے تجارتی قوانین میں غیر منصفانہ تجارتی طریقوں کے خلاف کارروائی کا ایک قانونی طریقہ ہے۔
مجوزہ اقدامات کے تحت متاثرہ ممالک سے آنے والی بیشتر درآمدی اشیا پر محصولات عائد ہوسکتے ہیں تاہم اسٹیل، ایلومینیم اور گاڑیوں جیسی بعض مصنوعات کو ممکنہ طور پر الگ رکھا جاسکتا ہے کیونکہ ان پر پہلے ہی قومی سلامتی سے متعلق قوانین کے تحت محصولات عائد ہیں۔
چین اور بھارت کے لیے نئی تجارتی مشکلات
مجوزہ امریکی ٹیرف کا سب سے اہم پہلو چین اور بھارت پر ممکنہ اضافی محصولات ہیں۔
چین اور امریکا کے درمیان گزشتہ کئی برس سے تجارتی کشیدگی جاری ہے، دونوں ممالک ایک دوسرے کی مصنوعات پر محصولات عائد کرتے رہے ہیں جبکہ ٹیکنالوجی، صنعتی پیداوار اور تجارتی پالیسیوں پر بھی اختلافات موجود ہیں۔
بھارت کے لیے بھی یہ پیش رفت اہم ہے کیونکہ نئی دہلی اور واشنگٹن کے درمیان دوطرفہ تجارتی معاہدے پر مذاکرات جاری ہیں، نئے امریکی محصولات ان مذاکرات کو متاثر کرسکتے ہیں۔
ویتنام بھی مجوزہ کارروائی سے متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے، جہاں سے امریکا کو بڑی مقدار میں صنعتی اور صارفین کی مصنوعات برآمد کی جاتی ہیں۔
کیا پہلے سے عائد ٹیرف کے علاوہ بھی نئے محصولات لگیں گے؟
امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق نئے محصولات پہلے سے عائد بعض دیگر تجارتی ڈیوٹیز کے علاوہ بھی ہوسکتے ہیں۔
اس کا مطلب ہے کہ بعض ممالک کی مصنوعات پر پہلے سے موجود محصولات کے ساتھ نئے ٹیرف بھی شامل ہوسکتے ہیں، جس سے امریکا میں درآمد ہونے والی اشیا کی مجموعی لاگت بڑھنے کا خدشہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکی انتظامیہ مستقبل میں ایسی شقیں بھی شامل کرنے پر غور کررہی ہے جن کے تحت اگر کسی ملک کی اضافی صنعتی پیداوار مزید بڑھتی ہے یا وہ اپنی تجارتی پالیسی میں تبدیلی نہیں کرتا تو اس پر محصولات میں مزید اضافہ کیا جاسکے گا۔
ماہرین کے مطابق اگر امریکا نے نئے ٹیرف نافذ کردیے تو عالمی تجارت میں مزید غیر یقینی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔امریکا دنیا کی بڑی درآمدی منڈیوں میں شامل ہے، اس لیے اس کی جانب سے محصولات میں اضافے کا اثر چین، بھارت، یورپ اور ایشیا کی متعدد برآمدی صنعتوں پر پڑسکتا ہے۔
نئے محصولات سے امریکی درآمد کنندگان کے اخراجات بڑھنے، بعض اشیا کی قیمتوں میں اضافے اور عالمی سپلائی چین متاثر ہونے کا خدشہ بھی ہے۔
مزید پرھیں:پاکستان کی پہلی نیٹ فلکس اوریجنل سیریز ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کا ٹریلر جاری
دوسری جانب متاثرہ ممالک امریکا کے ساتھ تجارتی مذاکرات، جوابی محصولات یا متبادل منڈیوں کی تلاش جیسے اقدامات کرسکتے ہیں۔ تاہم مجوزہ ٹیرف کی حتمی شرح، متاثرہ مصنوعات اور نفاذ کی تاریخ کا فیصلہ امریکی انتظامیہ کے باضابطہ اعلان کے بعد ہی واضح ہوگا۔













منگل 24 نومبر 2026 
