چترال : وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جمعرات کو چترال کے خوبصورت علاقے میں دانش سکول کے سنگ بنیاد کی تقریب میں شرکت کی اور منصوبے سے متعلق بریفنگ حاصل کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے چترال کے عوام کی تعلیم اور ترقی کے لیے متعدد اہم اعلانات کیے۔
تقریب میں وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے بھی خطاب کیا اور دانش سکول کے سنگ بنیاد پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ “آپ بہترین ایڈمنسٹریٹر کے ساتھ بہترین ماہر معیشت بھی ہیں” اور “آپ سب کو ساتھ لے کر چلنے والے لیڈر ہیں” ۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ “چترال کے خوبصورت علاقے میں آنے کا موقع ملا۔ محدود تعلیمی سہولیات کے باوجود چترال کے عوام تعلیم یافتہ اور مہذب ہیں” ۔ انہوں نے خیبرپختونخوا کے عوام کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ “خیبرپختونخوا کے بہادر اور غیرت مند عوام نے پاکستان کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔ یہاں کی حب الوطنی مثالی ہے” ۔
انہوں نے مزید کہا کہ “خیبرپختونخوا کے عوام کی ترقی اور یکجہتی کے لیے کی جانے والی کاوشیں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی” ۔
وزیراعظم نے انکشاف کیا کہ “مجھے کسی نے چترال کے لیے دانش سکول کے قیام کا نہیں کہا، یہ میری طرف سے تحفہ ہے” انہوں نے کہا کہ “آج میں چترال کے عوام کو ان کا حق دینے آیا ہوں” ۔ دانش سکول سے “ہونہار بچوں کو بہترین تعلیمی مواقع مفت میسر آئیں گے” ۔
انہوں نے وفاقی وسائل کے استعمال پر زور دیتے ہوئے کہا کہ “وفاقی وسائل سے دور دراز علاقوں میں سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ عوام کو سہولتوں کی فراہمی ریاست کا فریضہ ہے” ۔
طلبہ کے لیے میرٹ پر ایک لاکھ لیپ ٹاپ سکیم کا اعلان کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ “طلبہ کو بااختیار اور خودمختار بنانے کے لیے لیپ ٹاپ سکیم دوبارہ شروع کی گئی ہے” ۔ “لیپ ٹاپ چترال کے بچوں کو بھی ملیں گے” ۔
انہوں نے کہا کہ چترال میں جلد گیس پلانٹ لگایا جائے گا۔ اپر چترال میں نیپرا ٹیرف کے معاملے پر جلد غور کیا جائے گا۔ اپر چترال میں صحت کی بنیادی سہولت کے لیے جلد ہسپتال بنایا جائے گا۔ وفاق کے خرچ پر اپر چترال میں یونیورسٹی قائم کی جائے گی۔ چترال میں شاہراہوں کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم نے مئی میں چار دن کی جنگ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ “پاکستان نے بھارت کو شکست دی” ۔ انہوں نے “افواج پاکستان کی بہادری اور مہارتوں کو سلام پیش کرتا ہوں” اور کہا کہ “ہمارے شاہینوں نے جھپٹ جھپٹ کر بھارتی جہازوں کو گرایا” ۔
دہشتگردی کے خاتمے کے لیے انہوں نے کہا کہ “ہم سب کو مل کر چلنا ہے” ۔
تقریب میں مقامی عمائدین، طلبہ اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔












جمعہ 31 اکتوبر 2025 