بلوچستان حکومت(Balochistan Government) نے صوبائی کابینہ میں بڑے پیمانے پر ردوبدل کی تیاری کرلی ہے جس کے تحت بعض وزرا کو کابینہ سے فارغ کرنے، اہم محکموں کے قلمدان تبدیل کرنے اور اپوزیشن رہنما مولانا ہدایت الرحمان کو حکومت کا حصہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق صوبائی وزیر میر صادق عمرانی سے محکمہ آبپاشی، میر عاصم کرد گیلو سے محکمہ ریونیو جبکہ راحیلہ حمید خان درانی سے محکمہ تعلیم کا قلمدان واپس لیے جانے کا امکان ہے۔ ان میں سے بعض وزرا کو کابینہ سے بھی فارغ کیا جا سکتا ہے۔
مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے ایک رکن بلوچستان اسمبلی نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر وی نیوز کو بتایا کہ کابینہ میں ردوبدل جلد متوقع ہے جس میں اپوزیشن رہنما مولانا ہدایت الرحمان کو کابینہ میں شامل کرنے کے علاوہ راحیلہ حمید خان درانی اور میر عاصم کرد گیلو کو فارغ کیے جانے کا امکان ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بعض وزارتوں کو یکجا کرکے ایک وزیر کو اضافی ذمہ داریاں بھی سونپی جا سکتی ہیں۔
ذرائع کے مطابق زرین مگسی کو محکمہ تعلیم کا قلمدان دینے کا امکان ہے۔ دوسری جانب صوبائی وزیر میر علی مدد جتک کو محکمہ زراعت کا قلمدان پہلے ہی سونپا جا چکا ہے۔
جماعت اسلامی بلوچستان کے امیر مولانا ہدایت الرحمان نے وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی کہ وزیراعلیٰ بلوچستان سے ان کی بات چیت ہو چکی ہے اور انہیں محکمہ فشریز کی وزارت دینے کے حوالے سے معاملات طے پا گئے ہیں۔
مزیدپڑھیں:سونے کی قیمتیں مستحکم
کابینہ میں ردوبدل کے دوران بعض وزرا کے محکمے تبدیل ہوں گے جبکہ ایک 2 وزرا کو کابینہ سے باہر بھی کیا جا سکتا ہے۔
تجزیہ نگاروں کا مؤقف ہے کہ بلوچستان کابینہ میں متوقع ردوبدل کو محض انتظامی تبدیلی کے بجائے ایک اہم سیاسی پیشرفت ہے۔
اپوزیشن جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مولانا ہدایت الرحمان کو وزارت دینے سے حکومت کو اسمبلی میں اپنی سیاسی حمایت بڑھانے اور اپوزیشن کی صفوں میں نئی سیاسی تقسیم پیدا کرنے کا موقع مل سکتا ہے۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن کے اندر اختلافات اور اتحادی جماعتوں کے درمیان وزارتوں کی تقسیم پر تحفظات بھی کابینہ میں تبدیلی کے عمل کو متاثر کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ ایسے میں بعض وزرا کو کابینہ سے باہر کرنے اور محکموں کی نئی تقسیم کے ذریعے حکومت اپنی سیاسی اور انتظامی حکمت عملی کو ازسرنو ترتیب دینے کی کوشش کر رہی ہے۔
تاہم ان مجوزہ تبدیلیوں کے حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ سرکاری نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوا۔













جمعرات 26 نومبر 2026 
