محکمہ موسمیات نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں آئندہ دو روز کے دوران موسم سرد(weather) اور خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے، جبکہ دونوں صوبوں کے بالائی اور شمالی اضلاع میں سردی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں موسم خشک اور دھوپ رہنے کی توقع ہے، جبکہ بالائی علاقوں میں سردی اور بعض مقامات پر مطلع ابر آلود رہ سکتا ہے۔ چترال، دیر، سوات اور کوہستان میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
درجہ حرارت کے اعداد و شمار کے مطابق پشاور میں صبح کے وقت درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 23 اور کم سے کم 10 ڈگری رہنے کی توقع ہے۔ سوات میں زیادہ سے زیادہ 22 اور کم سے کم 4، چترال میں زیادہ سے زیادہ 22 اور کم سے کم 3، جبکہ کالام میں کم سے کم درجہ حرارت 3 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا میں آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں، تاہم بالائی اضلاع میں رات اور صبح کے اوقات میں سردی برقرار رہے گی۔
مزیدپڑھیں:دفاتر کے اوقات بڑھا دیے گئے، نیا شیڈول سامنے آگیا
دوسری جانب بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم خشک جبکہ شمالی علاقوں میں سرد رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ قلات میں کم سے کم درجہ حرارت صفر اور کوئٹہ میں ایک ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
صوبے کے دیگر شہروں میں زیارت میں 3، ژوب، چمن اور دالبندین میں 7، خضدار میں 9، سبی میں 10، نوکنڈی میں 14، گوادر میں 15، جیوانی میں 16 اور تربت میں 18 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دو روز تک دونوں صوبوں میں موسم خشک اور بالائی و شمالی علاقوں میں سرد رہنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔













اتوار 29 نومبر 2026 
