پرتگال نے بھی فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے کا اعلان کر دیا

Calender Icon ہفتہ 20 ستمبر 2025

برطانیہ، فرانس، آسٹریلیا اور کینیڈا کے بعد پرتگال نے بھی فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

پرتگالی وزارتِ خارجہ کے مطابق 21 ستمبر کو باضابطہ طور پر فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے کا اعلان کیا جائے گا۔ اس سے قبل پرتگال کے وزیرِ خارجہ نے برطانیہ کے دورے کے دوران کہا تھا کہ ان کا ملک فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے پر غور کر رہا ہے۔ اب اس حوالے سے حتمی اعلان سامنے آ گیا ہے۔

یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب رواں ماہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اجلاس ہونے جا رہا ہے، جہاں مزید ممالک بھی فلسطین کو ریاست کے طور پر تسلیم کرنے کا اعلان کر سکتے ہیں۔

فلسطینی ریاست کے قیام اور اس کے عالمی سطح پر تسلیم کیے جانے کا مطالبہ کئی دہائیوں سے جاری ہے۔ حالیہ برسوں میں مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور اسرائیلی اقدامات کے باعث فلسطین کے حق میں عالمی حمایت میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

ماہرین کے مطابق پرتگال کا یہ فیصلہ فلسطینی عوام کے لیے ایک اہم سفارتی کامیابی ہے، جو مستقبل میں مشرقِ وسطیٰ میں امن کے امکانات پر بھی اثر انداز ہو سکتا ہے۔