دبئی:ڈی پی ورلڈ انٹرنیشنل لیگ ٹی 20 (آئی ایل ٹی 20) اور سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن (SACF) کے درمیان ایک تاریخی معاہدہ طے پا گیا جس کے تحت سعودی کرکٹ فیڈریشن نے ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی 20 کو باضابطہ طور پر سعودی عرب میں تسلیم کر لیا ہے۔ اس شراکت داری کے نتیجے میں آنے والے سیزنز میں سعودی عرب میں بھی آئی ایل ٹی 20 کے میچز منعقد کیے جائیں گے۔اس معاہدے کے ذریعے سعودی کھلاڑیوں کے لیے ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی 20 تک براہ راست رسائی کا راستہ ہموار ہو گیا ہے۔ خاص طور پر آئندہ سیزن 4 پلیئر آکشن میں ہر فرنچائز کے لیے لازم ہوگا کہ وہ کم از کم ایک سعودی کھلاڑی کو اپنی ٹیم کا حصہ بنائے۔چیئرمین آئی ایل ٹی 20 خالد الزرعونی نے کہا کہ ہم سعودی کرکٹ فیڈریشن کے ساتھ شراکت داری پر فخر محسوس کرتے ہیں۔ سعودی عرب خلیجی خطے کا اہم ملک ہے اور کرکٹ کے فروغ کے لیے ان کا عزم متاثرکن ہے۔ یہ شراکت داری کھیل کو سرحدوں سے آگے لے جانے کے ہمارے وژن کی عکاس ہے۔سعودی کرکٹ فیڈریشن کے چیئرمین شہزادہ سعود بن مشعل السعود نے کہا کہ ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی 20 کے ساتھ تعاون ہمارے عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ ہم ملک میں کرکٹ کو فروغ دیں اور اپنے کھلاڑیوں کو عالمی سطح پر کامیابی کے مواقع فراہم کریں۔ یہ شراکت نہ صرف کھیل کو فروغ دے گی بلکہ سعودی وژن 2030 کے تحت اسپورٹس، کمیونٹی انگیجمنٹ اور انفراسٹرکچر کی ترقی میں بھی معاون ثابت ہوگی۔ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی 20 کے سی ای او ڈیوڈ وائٹ کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ خلیجی خطے میں کرکٹ کے فروغ کے ہمارے وژن میں اہم سنگ میل ہے۔ ہم نے دیکھا ہے کہ کس طرح یو اے ای کے نوجوان کھلاڑی اس پلیٹ فارم سے عالمی معیار کے کوچنگ اور تجربے سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ اسی طرح سعودی کھلاڑی بھی اب براہِ راست عالمی معیار کے مقابلوں کا حصہ بن سکیں گے۔یاد رہے کہ ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی 20 کا سیزن 4، منگل 2 دسمبر 2025 سے شروع ہوگا اور چھ ٹیموں پر مشتمل 34 میچز کا یہ ایونٹ، اتوار 4 جنوری 2026 کو فائنل کے ساتھ اختتام پذیر ہوگا۔
ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی 20 اور سعودی کرکٹ فیڈریشن کا اشتراک، کرکٹ کے فروغ کے نئے دروازے کھل گئے

