برگر، پیزا کے شوقین خبردار! چند دن کا استعمال دماغ کو نقصان پہنچا سکتا ہے

Calender Icon پیر 6 اکتوبر 2025

اگر آپ برگر، پیزا یا دیگر جنک فوڈز کے شوقین ہیں تو محتاط ہو جائیں، کیونکہ ان غذاؤں کا صرف چند دنوں تک مسلسل استعمال بھی دماغ کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔

یہ انکشاف امریکا کی یونیورسٹی آف نارتھ کیرولائنا اسکول آف میڈیسن کی ایک تازہ طبی تحقیق میں کیا گیا ہے۔

تحقیق کے مطابق ہماری خوراک دماغی صحت پر ہماری توقعات سے کہیں زیادہ اثر انداز ہوتی ہے اور جنک فوڈ دماغ کے یادداشت کے نظام کو متاثر کر کے یادداشت کی کمزوری کا خطرہ بڑھا دیتا ہے۔

تحقیقی ماہرین نے تجربے کے دوران چوہوں کو ایسی خوراک دی جس میں چکنائی اور چربی کی مقدار بہت زیادہ تھی۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ صرف چار دن تک ایسی غذا استعمال کرنے سے ہی دماغی خلیات پر منفی اثرات ظاہر ہونا شروع ہو گئے۔

محققین کا کہنا تھا کہ اگرچہ یہ بات پہلے سے معلوم ہے کہ خوراک اور میٹابولزم دماغی صحت سے جڑے ہیں، لیکن یہ حیرت انگیز تھا کہ مخصوص دماغی خلیات جنک فوڈ کے اثرات کے سامنے کتنے جلدی کمزور ہو جاتے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ یہ خلیات اتنی تیزی سے اپنی سرگرمیاں بدلنے لگے کہ یادداشت متاثر ہونے کا خطرہ فوراً بڑھ گیا۔

تحقیق کے مطابق چکنائی سے بھرپور فاسٹ فوڈ کا استعمال دماغ پر فوری منفی اثر ڈال سکتا ہے اور یہ اثر جسمانی وزن بڑھنے یا ذیابیطس جیسے امراض سے پہلے ہی ظاہر ہو جاتا ہے۔

مزید یہ کہ یادداشت کا نظام خوراک کے معاملے میں انتہائی حساس ہوتا ہے، جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ دماغی صحت برقرار رکھنے کے لیے متوازن اور صحت مند غذا کتنی ضروری ہے۔

ماہرین نے خبردار کیا کہ زیادہ چکنائی والے جنک فوڈز کا مستقل استعمال ناصرف یادداشت کو متاثر کر سکتا ہے بلکہ وقت کے ساتھ ساتھ الزائمر اور ڈیمینشیا جیسے دماغی امراض کے خطرات میں بھی اضافہ کر سکتا ہے۔

یاد رہے کہ مئی 2025 میں کینیڈا کی میک ماسٹر یونیورسٹی کی ایک تحقیق میں بھی یہی بات سامنے آئی تھی کہ جنک فوڈز کا زیادہ استعمال ہائی بلڈ پریشر، کولیسٹرول، جسمانی وزن میں اضافے اور توند جیسے مسائل سے جڑا ہوا ہے۔

اس تحقیق میں کینیڈا کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے 6 ہزار سے زائد بالغ افراد کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا۔

نتائج میں یہ بات سامنے آئی کہ جو افراد الٹرا پراسیسڈ غذاؤں پر زیادہ انحصار کرتے ہیں، وہ پھلوں اور سبزیوں کا استعمال نہ ہونے کے برابر کرتے ہیں۔

ایسے افراد میں موٹاپا، توند، بلڈ پریشر، خون میں چربی اور انسولین مزاحمت جیسے مسائل ان لوگوں کے مقابلے میں زیادہ پائے گئے جو متوازن غذا استعمال کرتے ہیں۔

تحقیق کے مطابق الٹرا پراسیس غذاؤں سے نہ صرف موٹاپا اور ذیابیطس ٹائپ 2 کا خطرہ بڑھتا ہے بلکہ یہ امراضِ قلب، ہائی کولیسٹرول اور جسم میں ورم جیسے مسائل کو بھی جنم دیتی ہیں۔