فارغ دن بھی بے چینی کا باعث بنتے ہیں: امیتابھ بچن کا انکشاف

Calender Icon منگل 7 اپریل 2026

بھارتی فلم انڈسٹری کے لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن نے انکشاف کیا ہے کہ کام کے بغیر گزرا ہوا ایک دن بھی بے چین کر دیتا ہے۔

83 سالہ اداکار نے اپنے ذاتی بلاگ میں لکھا ہے کہ میری زندگی میں معمول (روٹین) اس قدر گہرائی سے شامل ہو چکا ہے کہ اگر ایک دن بھی کام نہ ہو تو سب کچھ اجنبی اور غیر متوازن محسوس ہونے لگتا ہے۔

انہوں نے لکھا کہ ہر روز کام نہ کرنا پریشان کن لگتا ہے، دن اچانک ایک ایسی الجھن بن جاتا ہے جس میں سمجھ نہیں آتا کہ کیا کرنا ہے۔

امیتابھ بچن کے مطابق روٹین صرف عادت نہیں بلکہ زندگی میں استحکام اور ترتیب فراہم کرتی ہے اور جب یہ ٹوٹ جائے تو بے یقینی اور بے چینی پیدا ہو جاتی ہے، جو ذہنی اور جسمانی صحت پر بھی اثر انداز ہو سکتی ہے۔

اداکار نے کہا کہ جب انسان اس روٹین کو بحال نہیں کر پاتا تو اضطراب بڑھ جاتا ہے اور دن بے مقصد محسوس ہونے لگتا ہے۔

واضح رہے کہ امیتابھ بچن آج بھی پیشہ ورانہ طور پر متحرک ہیں اور حال ہی میں وہ مقبول کوئز شو کون بنے گا کروڑ پتی کی میزبانی کرتے نظر آئے۔

اس کے علاوہ وہ اپنی آنے والی فلم کالکی کے سیکوئل پر بھی کام کر رہے ہیں۔