تہران میں ریلی، ایرانی عوام کا پاکستان سے اظہارِ تشکر اور یکجہتی کو خراجِ تحسین

Calender Icon جمعرات 16 اپریل 2026

ایران کے دارالحکومت تہران میں منعقدہ ایک ریلی کے دوران ایرانی شہریوں نے پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے ملنے والی حمایت پر دلی تشکر کا اظہار کیا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہونے والی ریلیاں اور ایرانی عوام کے حق میں اٹھنے والی آوازیں ان کے لیے باعثِ فخر اور حوصلہ افزا ہیں۔

ایرانی شہریوں نے کہا کہ پاکستان کی محبت، خلوص اور بھرپور حمایت کو وہ کبھی فراموش نہیں کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ ایرانی عوام کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور یہ برادرانہ تعلق دونوں ممالک کے عوام کے دلوں میں گہری جگہ رکھتا ہے۔

مزید پڑھیں:وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب کے علاوہ قطر اور ترکیہ بھی جائینگے

ریلی میں شریک افراد نے کہا کہ پاکستانی عوام کا محبت بھرا پیغام ان تک پہنچ چکا ہے، جس نے انہیں نہ صرف حوصلہ دیا بلکہ دونوں قوموں کے درمیان بھائی چارے کے رشتے کو مزید مضبوط کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی عوام نے جس جوش، جذبے اور استقامت کے ساتھ ایرانی قوم کی حمایت کی، وہ قابلِ تحسین اور لائقِ ستائش ہے۔ ایرانی شہریوں نے پاکستان کے عوام کی اس بھرپور یکجہتی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں سلام پیش کیا۔

شرکاء نے کہا کہ وہ پاکستان کی باشعور اور باوفا قوم کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں، جس نے ہر موقع پر ایرانی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام کی محبت اور حمایت کو ایران ہمیشہ یاد رکھے گا۔