پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مشترکہ کمانڈو اور اسپیشل فورسز کی مشق “جناح-XIII” ترکیہ میں کامیابی کے ساتھ مکمل ہو گئی ہے، جس میں دونوں ممالک کے دستوں نے اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان آرمی کے اسپیشل سروسز گروپ (کمانڈوز) نے ترک افواج کے ساتھ مشق میں فعال شرکت کی۔ یہ تربیتی سرگرمیاں ترکیہ کے شہروں انقرہ اور اسپارٹا میں منعقد ہوئیں۔
مشق کا بنیادی مقصد انسدادِ دہشتگردی آپریشنز میں باہمی تعاون کو فروغ دینا اور دونوں افواج کی عملی صلاحیتوں، طریقہ کار اور ہم آہنگی کو مزید بہتر بنانا تھا۔
مزید پڑھیں:
دورانِ مشق شہری علاقوں میں انسدادِ دہشتگردی آپریشنز، جدید جنگی حکمتِ عملی اور دیسی ساختہ بموں (IEDs) سے نمٹنے کے عملی طریقہ کار پر خصوصی توجہ دی گئی۔
دونوں ممالک کے دستوں نے مختلف عملی مشقوں میں اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور مشترکہ آپریشنل تیاری کا مظاہرہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ مشق اپنے تمام تربیتی اور عسکری اہداف کامیابی سے مکمل کرنے کے ساتھ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون، اعتماد اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم ثابت ہوئی۔












جمعرات 16 اپریل 2026 