مذاکرات صرف پاکستان میں اور کہیں نہیں، ہم اسپر اعتماد کرتے ہیں امریکا پر نہیں: ایرانی سفیر

Calender Icon جمعرات 16 اپریل 2026

اسلام آباد: پاکستان میں ایرانی سفیر رضا امیری مقدم کا کہنا ہے کہ مذاکرات صرف پاکستان (pakistan)میں ہوں گے کہیں اور نہیں۔ اسلام آباد میں پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکا قابلِ بھروسہ ملک نہیں، ایران نے پاکستان کو قابلِ اعتماد اور غیر جانبدار ثالث قرار دیا ہے۔

رضا امیری مقدم نے کہا کہ مذاکرات صرف پاکستان میں ہوں گے، کہیں اور نہیں، ہم پاکستان پر اعتماد کرتے ہیں، امریکا پر نہیں۔ پاکستان کے سفارتی کردار اور امن کوششوں کو ایران کی جانب سےسراہا گیا۔

ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایران خطے میں بالادستی نہیں ،خودمختاری کا تحفظ چاہتا ہے، جوہری پروگرام مکمل طور پر پُرامن ہے، کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا، آئی اے ای اے نے بھی ایران کے جوہری ہتھیار نہ بنانے کی تصدیق کی۔

انہوں نے کہا کہ ایران 1979 کے انقلاب کے بعد سے مسلسل دباؤ کا سامنا کر رہا ہے۔ 47 برس سے امریکا اور صیہونی قوتوں کا دباؤ بر داشت کیا، مگر وہ ناکام رہے۔

مزید پڑھیں:فیلڈ مارشل کا دورۂ تہران امریکا،ایران ثالثی کی کوششوں کا حصہ ہے، آئی ایس پی آر

ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ اسرائیل خطے میں بالادستی چاہتا ہے، امریکا اس کی حمایت کرتا ہے، امریکا نے مذاکرات کے دوران اچانک حملے کیے، سفارتی عمل متاثر ہوا۔ ایران کو جانی و مالی نقصان کے باوجود قوم متحد اور مضبوط ہے۔