لبنان میں حملے میں یو این امن مشن کے ساتھ تعینات فرانسیسی فوجی ہلاک

Calender Icon ہفتہ 18 اپریل 2026

لبنان میں اقوام متحدہ کے امن مشن (UNIFIL) کے ساتھ خدمات انجام دینے والا ایک فرانسیسی فوجی حملے میں ہلاک جبکہ تین دیگر اہلکار زخمی ہو گئے ہیں، جن میں دو کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

اقوام متحدہ کے مشن کے مطابق یہ واقعہ جنوبی لبنان کے گاؤں غنڈوریہ میں پیش آیا۔ ابتدائی اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ حملہ ممکنہ طور پر غیر ریاستی مسلح عناصر کی جانب سے کیا گیا، جبکہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

مزید پڑھیں:آبنائے ہرمز دوبارہ مکمل بند، ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی برقرار

فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے اس حملے کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے سخت مذمت کی ہے اور لبنانی حکومت سے ذمہ داروں کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

دوسری جانب حزب اللہ نے اس واقعے میں کسی بھی قسم کے ملوث ہونے کی تردید کی ہے اور کہا ہے کہ معاملے کی تحقیقات مکمل ہونے سے قبل نتائج اخذ کرنے میں احتیاط برتی جائے۔

لبنانی صدر اور وزیر اعظم نے بھی واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے فوری تحقیقات کا حکم دیا ہے۔

یہ واقعہ اسرائیل اور لبنان کے درمیان حالیہ جنگ بندی کے چند روز بعد پیش آیا ہے، جس کے باعث خطے میں ایک بار پھر کشیدگی بڑھنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔