شہباز شریف،مسعود پزشکیان کا طویل ٹیلیفونک رابطہ، خطے میں پائیدار امن کا اعادہ

Calender Icon اتوار 19 اپریل 2026

وزیراعظم محمد شہباز شریف اور اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے درمیان اتوار کی شام ٹیلیفون پر رابطہ ہوا، جس میں خطے کی مجموعی صورتحال اور باہمی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال(detail discussions) کیا گیا۔

تقریباً پینتالیس منٹ تک جاری رہنے والی اس خوشگوار اور دوستانہ گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے علاقائی امن و استحکام کے لیے سفارتی کوششوں کو تیز کرنے پر اتفاق کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر ایرانی قیادت کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے حال ہی میں اسلام آباد میں ہونے والے اہم مذاکرات کے لیے اسپیکر محمد باقر قالیباف اور وزیر خارجہ عباس عراقچی کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد بھیجا۔

وزیراعظم نے ایرانی صدر کو سعودی عرب، قطر اور ترکیہ سمیت دیگر عالمی رہنماؤں کے ساتھ ہونے والی اپنی حالیہ ملاقاتوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان رابطوں کا بنیادی مقصد خطے میں پائیدار امن کے لیے ایک مضبوط عالمی اتفاقِ رائے پیدا کرنا ہے۔

مزید پڑھیں:مذاکرات میں عدم پیشرفت، جنگ دوبارہ شروع ہو سکتی ہے، سچویشن روم علامیہ

وزیراعظم نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے حالیہ دورہ تہران کے دوران ایرانی قیادت کے ساتھ ہونے والی تعمیری بات چیت پر بھی اظہارِ تشکر کیا اور ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کے لیے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا۔

صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے امن مشن کے حوالے سے پاکستان کے مضبوط عزم اور وزیراعظم شہباز شریف کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے دورہ تہران کے مثبت اثرات کا تذکرہ کرتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ایران اور پاکستان کے برادرانہ تعلقات آنے والے دنوں میں مزید مستحکم ہوں گے۔

دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ دوست ممالک کے ساتھ مل کر خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور خوشحالی کے فروغ کے لیے اپنی مخلصانہ کوششیں جاری رکھیں گے۔