پاکستان کے معروف یوٹیوبر رجب بٹ(Rajab Butt) ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئے، تاہم اس بار ان کے اپنے دعوے نے ہی انہیں تنقید کی زد میں لا کھڑا کیا ہے۔
رجب بٹ جو اپنے متنازع بیانات اور دیگر شخصیات کے ساتھ تنازعات کی وجہ سے جانے جاتے ہیں، حال ہی میں اپنی طلاق کی تصدیق کے بعد بھی خبروں میں رہے۔
اپنے حالیہ وی لاگ میں رجب بٹ نے اپنی سابقہ اہلیہ ایمان اسد سے علیحدگی کے بعد ہونے والی تنقید پر کھل کر بات کی اور دعویٰ کیا کہ کوئی بھی نفرت میرے کامیاب کیریئر کو متاثر نہیں کر سکتی۔
انہوں نے کہا کہ میرا نیا گانا 24 تاریخ کو ریلیز ہو گا اور مجھے یقین ہے کہ یہ نمبر ون ٹرینڈ کرے گا، کیونکہ میرے مداح مجھے بھرپور سپورٹ دیتے ہیں۔
مزیدپڑھیں:پاکستانی ڈرامے دیکھتا ہوں، ان سے ہمارا موازنہ خوشی کی بات ہے: پارتھ سمتھان
رجب بٹ نے کہا کہ مجھے سوشل میڈیا پر اپنی ساکھ خراب ہونے کی باتوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا، نہ ہی میں ناقدین کی پرواہ کرتا ہوں، کیونکہ میری مقبولیت اور ویور شپ میں کوئی کمی نہیں آئی۔
تاہم سوشل میڈیا صارفین نے ان کے اس بیان کو غرور قرار دیتے ہوئے سخت ردِعمل دیا۔
ایک صارف نے لکھا ہے کہ ہر چیز عارضی ہوتی ہے، تم بھی زوال دیکھو گے، جبکہ دوسرے نے کہا کہ فرعون بھی اسی طرح مغرور تھا، انجام سب نے دیکھا۔
ایک اور صارف نے تبصرہ کیا کہ اتنی ناکامیوں کے باوجود بھی کوئی تبدیلی نہیں آئی، جبکہ بعض نے ان کے گانے کی ناکامی کی پیشگوئی بھی کی۔
سوشل میڈیا پر جاری بحث میں کئی صارفین نے لوگوں کو رجب بٹ کو فالو نہ کرنے کا مشورہ بھی دیا، جس سے واضح ہے کہ ان کا حالیہ بیان مداحوں کو متاثر کرنے کے بجائے مزید تنقید کا سبب بن گیا ہے۔












پیر 20 اپریل 2026 