وزیراعظم محمد شہباز شریف(shahbaz sharif) نے یوم اقبال کے موقع پراپنے پیغام میں کہاکہ آج یوم اقبال پر میں پوری قوم کی جانب سے شاعر مشرق، مفکر اسلام اور مصور پاکستان علامہ محمد اقبال کو دلی خراج عقیدت پیش کرتا ہوں
بلاشبہ علامہ اقبال مسلمانان برصغیر کے محسن اورعظیم فکری رہنما تھے۔علامہ اقبال نے خودی، عمل، ایمان اور فکری آزادی کا پیغام دیا، علامہ اقبال کے افکار نے ایک محکوم قوم کو بیداری، خود اعتمادی اور جدوجہد مسلسل کا شعور عطا کیا،آج کے قومی اور عالمی حالات میں علامہ اقبال کا پیغام ہمارے لیے غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔
وزیراعظم نے کہاکہ فکری انتشار، انتہاپسندی، ، معاشرتی عدم برداشت اس امر کے تقاضی ہیں کہ ہم اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی کو علامہ اقبال کی فکر ی تربیت کی روشنی میں ستوار کریں، علامہ اقبال نے محبت، اخوت اور بیداری ملت کو مقصد حیات قرار دیا ، علامہ اقبال کے نظریات کی روشنی میں پر امن، اتحاد، علم، کردار اور انصاف کی مضبوط بنیادوں پر قائم پاکستان ہی ہمارا مستقبل ہے۔
محمد شہباز شریف نے کہاکہ حکومت پاکستان دہشت گردی، انتہاپسندی اور فرقہ واریت کے مکمل خاتمے، اور ایک معتدل اور ہم آہنگ معاشرے کے قیام کے لیے پرعزم ہے، علامہ اقبال کا نوجوان نسل کی تربیت پر خصوصی توجہ تھی، انہوں نے نوجوانوں کو ملت کا سرمایہ اور مستقبل کا معمار قرار دیا، نئی نوجوان نسل کو علم، ہنر، کردار، خود داری اور حب الوطنی سے آراستہ کرنا قومی مستقبل کے لئے ناگزیر ہے۔
مزیدپڑھیں:پاکستان کو سعودی عرب سے مزید ایک ارب ڈالر کے فنڈز موصول
انہوں نے کہا کہ حکومت اس امر پر یقین رکھتی ہے کہ تعلیم کو فکری، اخلاقی اور قومی بنیادوں پر استوار کیے بغیر قومی ترقی کا خواب مکمل نہیں ہو سکتا، اسی نظریہ کے تحت نوجوانوں کو بااختیار بنانے، انہیں جدید مہارتوں سے ہم آہنگ کرنے، اور قومی ترقی میں ان کے کردار کو مضبوط بنانے کے لیے ضروری اقدامات اٹھاۓ جارہے ہیں، پاکستان کے نوجوان اگر فکر اقبال سے رہنمائی حاصل کریں تو وہ ملک کو ترقی و استحکام اور وقار کی نئی منزلوں سے ہمکنار کر سکتے ہیں، نوجوانوں کے ساتھ پوری قوم کے لئے بھی علامہ اقبال نے امید اور مسلسل آگے بڑھنے کا درس دیا جو ہماری قومی امنگوں کی ترجمانی کرتا ہے۔












منگل 21 اپریل 2026 