مشہور امریکی ریئلٹی شو اسٹوریج وارز سے شہرت حاصل کرنے والے ڈیرل شیٹس(Darrell Sheets) 67 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔ مقامی حکام نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ واقعہ بدھ 22 اپریل کو پیش آیا۔
پولیس کے مطابق لیک ہاواسو سٹی میں صبح تقریباً 2 بجے اہلکاروں کو ایک شخص کی موت کی اطلاع موصول ہوئی تھی۔ جائے وقوعہ پر پہنچنے پر ایک مرد کی لاش ملی جس کے بارے میں ابتدائی طور پر بتایا گیا کہ اس کی موت بظاہر خود کو گولی مارنے سے ہوئی ہے۔ پولیس نے موقع پر ہی موت کی تصدیق کر دی اور بعد ازاں کیس کو محکمۂ تحقیقات کے سپرد کر دیا گیا۔
سرکاری بیان میں کہا گیا کہ لاش ملنے کے بعد کرمنل انویسٹی گیشن یونٹ کو فوری طور پر طلب کیا گیا، جس نے موقع پر پہنچ کر تفتیش کا آغاز کیا۔ بعد ازاں میت کو موہاو کاؤنٹی میڈیکل ایگزامینر کے حوالے کر دیا گیا، جہاں شناخت کی تصدیق ڈیرل شیٹس کے طور پر ہوئی اور ان کے اہل خانہ کو اطلاع دے دی گئی۔ حکام کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
مزیدپڑھیں:شادی کی تقریب میں جوتا چرائی، آریان خان کی دلچسپ ویڈیو وائرل
ڈیرل شیٹس کو اسٹوریج وارز میں خاص طور پر جانا جاتا تھا، جو ایک ریئلٹی سیریز ہے جس میں خالی اور لاوارث اسٹوریج یونٹس کی نیلامی میں خریدار ایک دوسرے سے مقابلہ کرتے ہیں۔ ڈیرل شو میں اپنی جرات مندانہ بولیوں کے باعث ’دی گیمبلر‘ کے نام سے مشہور تھے اور اکثر اپنے بیٹے برینڈن شیٹس کے ساتھ نظر آتے تھے۔
اپنے کیریئر کے دوران انہوں نے کئی قیمتی اشیاء دریافت کرکے شہرت حاصل کی، جن میں نایاب آرٹ ورک اور قیمتی کامک کلیکشنز شامل ہیں، جس نے انہیں اسٹوریج نیلامی کی دنیا میں ایک نمایاں شخصیت بنا دیا تھا۔
پولیس نے کہا ہے کہ واقعے سے متعلق مزید معلومات رکھنے والے افراد محکمۂ پولیس سے رابطہ کریں، جبکہ تحقیقات مکمل ہونے تک حتمی نتائج سامنے نہیں آئے ہیں۔












جمعرات 23 اپریل 2026 