تہران: ایران (Iran) نے کئی ہفتوں کے وقفے کے بعد تہران کے امام خمینی بین الاقوامی ہوائی اڈے سے تجارتی پروازیں دوبارہ شروع کر دی ہیں۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق استنبول، مسقط اور مدینہ منورہ کے لیے ابتدائی پروازیں ہفتے کے روز روانہ ہوئیں، جس کے ساتھ ہی فضائی آپریشنز بتدریج بحال ہونا شروع ہو گئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق ایران کی قومی فضائی کمپنی نے بھی 56 دن بعد مشہد کے لیے اپنی پہلی اندرون ملک پرواز شروع کی ہے، جبکہ آنے والے دنوں میں باکو، نجف، بغداد اور دوحہ کے لیے مزید پروازیں شیڈول کی گئی ہیں۔
ایوی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ ملک کے مشرقی ہوائی اڈوں کو ٹرانزٹ اور اندرون ملک پروازوں کے لیے مرکزی حیثیت دی جائے گی، تاکہ فضائی نظام کو مرحلہ وار مکمل طور پر بحال کیا جا سکے۔
حکام کے مطابق بین الاقوامی ایئرلائنز سے بھی رابطے کیے جا رہے ہیں تاکہ فضائی راستے دوبارہ کھولے جا سکیں اور ٹرانزٹ فلائٹس بحال ہو سکیں۔
یاد رہے کہ حالیہ کشیدگی کے باعث خطے میں کئی ہفتوں تک فضائی آپریشن متاثر رہا تھا، تاہم اب صورتحال میں بہتری کے بعد پروازوں کی بحالی کا عمل شروع ہو گیا ہے۔












ہفتہ 25 اپریل 2026 