ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر ایک پول کے نتائج شیئر کیے ہیں جس میں امریکی شہریوں سے یہ سوال کیا گیا تھا کہ امریکا کی ترجیح کیا ہونی چاہیے: ایران کے ساتھ جاری تنازع ختم کرنا یا ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا۔
ٹرمپ کے مطابق سروے کے نتائج میں اکثریت نے مؤقف اختیار کیا کہ ایران کو ایٹمی ہتھیار بنانے سے روکنا زیادہ اہم ہے، جبکہ نسبتاً کم لوگوں نے فوری جنگ بندی اور تنازع کے خاتمے کو ترجیح دی۔
اعداد و شمار کے مطابق 53 فیصد رائے دہندگان نے کہا کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا زیادہ ضروری ہے، جبکہ تقریباً 60 فیصد افراد نے توانائی کی قیمتوں کے استحکام کو بھی اسی پالیسی سے جوڑا۔
مزید پڑھیں؛سندھ حکومت کا سرکاری ملازمین کو عید سے قبل تنخواہیں اور پنشن جاری کرنے کا فیصلہ
ٹرمپ نے اس موقع پر کہا کہ امریکی عوام کی اکثریت اس بات پر متفق ہے کہ ایران کو جوہری صلاحیت حاصل کرنے سے روکنا اولین ترجیح ہونی چاہیے، نہ کہ فوری طور پر جنگ کا خاتمہ۔
انہوں نے اپنے بیانات میں ایک بار پھر مؤقف دہرایا کہ ایران کو کسی صورت جوہری ہتھیار بنانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ امریکا خطے کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے اور کشیدگی کم کرنے کی کوششیں بھی جاری ہیں۔
دوسری جانب بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا ایران تنازع کے خاتمے کے لیے مختلف سفارتی تجاویز پر غور کر رہا ہے، تاہم واشنگٹن کے بیانات میں مسلسل تضاد اور سخت لہجہ بھی دیکھا جا رہا ہے، جس سے صورتحال غیر یقینی بنی ہوئی ہے۔












ہفتہ 9 مئی 2026 