10مئی، بھارتی جارحیت پر پاکستان کا ردعمل سنہری حروف سے لکھا جائیگا: صدر مملکت

Calender Icon اتوار 10 مئی 2026

صدر مملکت آصف زرداری(sadar asif zardari) نےکہا ہےکہ 10 مئی پاکستان کی تاریخ کا سنہری باب ہے، بھارتی جارحیت پر پاکستان کا ردعمل سنہری حروف سے لکھا جائےگا۔آپریشن بنیان مرصوص معرکہ حق کا ایک سال مکمل ہونے پر اسلام آباد میں پاکستان مونومنٹ پر خصوصی تقریب ہوئی۔

تقریب میں صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف سمیت فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور مسلح افواج کے سربراہان، اسپیکر قومی اسمبلی، چیئرمین سینیٹ اور وفاقی وزرا بھی شریک ہوئے۔ مختلف ممالک کے سفیر، سول اورعسکری حکام، شہدا کے لواحقین بھی تقریب میں موجود تھے۔

تقریب سے مرکزی خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پہلگام واقعےکے بعد پاکستان پر جنگ مسلط کی گئی، بھارت نے پاکستان پر بلا اشتعال حملہ کیا، بھارت نے پاکستان کی سول آبادی اور عبادت گاہوں پر حملے کیے، پاک فضائیہ اور پاک فوج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بہادرافواج کے سپوتوں نے ہمارا سر فخر سے بلند کردیا، ہماری فضائیہ نے دشمن کے 8 طیارے مارگرائے، بھارتی جارحیت پر پاکستان کا ردعمل سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ کشمیرپربھارت کا غاصبانہ قبضہ ہے، مسئلہ کشمیر حل طلب ہے، پاکستان کشمیرکے عوام کی سفارتی،سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا، پاکستان فلسطینی عوام کی غیرمشروط حمایت جاری رکھے گا۔

مزید پڑھیں:خیبرپختونخوا، سرکاری گندم غائب ہونے کا انکشاف، خصوصی کمیٹی قائم، تحقیقات شروع

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ افغانستان کےذریعے پاکستان میں ہونے والی بھارتی دہشت گردی کو ختم ہونا چاہیے۔