سپارکو نے ذوالحج 1447 ہجری کے چاند کی متوقع رویت سے متعلق فلکیاتی پیشگوئی جاری کر دی ہے، جس کے مطابق پاکستان میں 17 مئی 2026 کی شام چاند نظر آنے کے امکانات روشن ہیں۔
ترجمان سپارکو کے مطابق نئے چاند کی پیدائش 17 مئی 2026 کو رات 1 بج کر 1 منٹ پر متوقع ہے۔ فلکیاتی اعداد و شمار کے مطابق غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 18 گھنٹے 30 منٹ ہوگی، جو رویت کیلئے موزوں سمجھی جاتی ہے۔
سپارکو کے مطابق پاکستان کے ساحلی علاقوں میں غروبِ آفتاب اور غروبِ ماہتاب کے درمیان تقریباً 60 منٹ کا وقفہ متوقع ہے، جس کی وجہ سے چاند دیکھنے کے امکانات مزید بہتر ہو جاتے ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ان تخمینوں کی بنیاد پر یکم ذوالحج 1447 ہجری بروز پیر، 18 مئی 2026 کو ہونے کا امکان ہے، جبکہ عیدالاضحیٰ 27 مئی 2026 کو منائے جانے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔
تاہم سپارکو نے واضح کیا ہے کہ اسلامی مہینے کے آغاز کا حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے کیا جائے گا، جو ملک بھر سے موصول ہونے والی معتبر شہادتوں اور مصدقہ مشاہدات کی بنیاد پر فیصلہ کرنے کی مجاز اتھارٹی ہے۔













منگل 12 مئی 2026 
