اسلام آباد، پاکستان نے نور خان ایئربیس (noor khan air base)پر ایرانی طیاروں کی موجودگی کے حوالے سے سی بی ایس نیوز کی رپورٹ کو گمراہ کن اور سنسنی خیز قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ قیاس آرائی پر مبنی بیانیے کا مقصد علاقائی استحکام اور امن کے لیے جاری کوششوں کو نقصان پہنچانا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق جنگ بندی کے بعد اور اسلام آباد مذاکرات کے ابتدائی مرحلے کے دوران ایران اور امریکا کے متعدد طیارے پاکستان آئے جن کا مقصد سفارتی عملے، سیکیورٹی ٹیموں اور انتظامی اسٹاف کی نقل و حرکت کو یقینی بنانا تھا۔
بیان کے مطابق بعض طیارے اور معاون عملہ آئندہ مذاکرات کی توقع میں عارضی طور پر پاکستان میں موجود رہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ پاکستان میں موجود ایرانی طیاروں کا کسی بھی فوجی سرگرمی یا ہنگامی صورتحال سے کوئی تعلق نہیں۔اس حوالے سے قیاس آرائیاں بے بنیاد اور حقائق سے عاری ہیں۔
مزید پڑھیں:ایوان صدر میں پیپلز پارٹی کا بجٹ مشاورتی اجلاس،اعلیٰ قیادت کی شرکت
پاکستان نے ایک بار پھر واضح کیا کہ وہ خطے میں کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کے فروغ کیلئے غیر جانبدار، مثبت اور ذمہ دار کردار ادا کر رہا ہےاور آئندہ بھی امن و استحکام کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔













منگل 12 مئی 2026 
