راولپنڈی،روٹی، نان، پراٹھے اور چائے کی نئی سرکاری قیمتوں کا اعلان

Calender Icon بدھ 13 مئی 2026

راولپنڈی ڈویژن(Rawalpindi Division) کی ضلعی انتظامیہ نے روٹی، نان، پراٹھے اور چائے کی نئی سرکاری قیمتوں کا اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد راولپنڈی، اسلام آباد اور ڈویژن کے دیگر اضلاع میں تندوروں اور ہوٹلوں پر نئی نرخ نامہ فہرست نافذ کر دی گئی ہے۔

انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق آٹے اور دیگر اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں اضافے کے پیش نظر نئی قیمتوں کا تعین کیا گیا ہے تاکہ صارفین اور دکانداروں دونوں کے مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

نئے نرخ نامے کے مطابق سرخ آٹے کی روٹی کی قیمت 17 روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ خمیر والی سفید آٹے کی روٹی اب 30 روپے میں فروخت کی جائے گی۔

اسی طرح تل والے نان کی سرکاری قیمت 35 روپے مقرر کی گئی ہے۔ پراٹھا اور روغنی نان دونوں کی قیمت 60، 60 روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ آلو والا پراٹھا 80 روپے میں دستیاب ہوگا۔

ضلعی انتظامیہ نے چائے کی قیمتوں میں بھی رد و بدل کرتے ہوئے ایک مکمل کپ چائے کی قیمت 100 روپے جبکہ آدھا کپ 70 روپے مقرر کر دی ہے۔

مزیدپڑھیں:حکومت کا آئندہ بجٹ پر نواز شریف کو بھی اعتماد میں لینے کا فیصلہ

نئی قیمتوں کے نفاذ کے بعد جڑواں شہروں کے مختلف تندوروں اور ہوٹلوں پر سرکاری نرخ نامے آویزاں کرنا شروع کر دیے گئے ہیں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مقررہ قیمتوں سے زائد وصولی کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس مختلف علاقوں میں باقاعدگی سے نگرانی کریں گے۔

دوسری جانب شہریوں کی جانب سے قیمتوں میں اضافے پر ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ بعض شہریوں نے مہنگائی کے موجودہ حالات میں نئی قیمتوں کو اضافی بوجھ قرار دیا، جبکہ تندور مالکان کا مؤقف ہے کہ آٹے، گھی، گیس اور دیگر اخراجات میں مسلسل اضافے کے باعث قیمتوں میں رد و بدل ناگزیر ہو چکا تھا۔

ماہرین کے مطابق خوراک کی بنیادی اشیا کی قیمتوں میں اضافہ عام آدمی کے ماہانہ بجٹ پر براہ راست اثر ڈال رہا ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب مہنگائی پہلے ہی شہریوں کے لیے ایک بڑا چیلنج بنی ہوئی ہے۔