وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وفاقی وزیرِ مذہبی امور سردار محمد یوسف کی ملاقات،حج آپریشن کے حوالے سے انتظامات پر بریفنگ

Calender Icon بدھ 13 مئی 2026

وزیراعظم محمد شہباز شریف(Shehbaz Sharif) سے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے ملاقات کی، جس میں رواں سال کے حج آپریشن اور اس سے متعلق انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

ملاقات کے دوران وزیر مذہبی امور نے وزیراعظم کو آگاہ کیا کہ حج انتظامات کو بروقت اور منظم انداز میں مکمل کرنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں، جبکہ سعودی عرب میں پاکستانی حج مشن بھی حجاج کرام کو سہولیات کی فراہمی میں متحرک ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر ہدایت کی کہ عازمین حج اللہ تعالیٰ کے مہمان ہیں، اس لیے ان کی خدمت اور سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حج مشن کی ذمہ داری ہے کہ سعودی عرب میں پاکستانی حجاج کو بہترین رہائش، خوراک اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کی جائیں۔

مزیدپڑھیں:ایران جنگ میں امریکا کے 39 طیارے تباہ ہوئے، امریکی رکن کانگریس نے تسلیم کرلیا

انہوں نے مزید کہا کہ ایئرپورٹس پر بھی عازمین حج کے لیے تمام سہولیات یقینی بنائی جائیں تاکہ ان کے سفر کا آغاز آسان اور منظم ہو۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ حج آپریشن کے دوران انتظامی سطح پر مکمل ہم آہنگی برقرار رکھی جائے اور کسی بھی شکایت یا مسئلے کو فوری طور پر حل کیا جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح یہ ہے کہ پاکستانی عازمین حج کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے اور حج کے پورے عمل کو شفاف، محفوظ اور منظم بنایا جائے۔