کراچی، لاہور اور پنجاب تک پھیلے نیٹ ورک، لیبارٹری(drugs network)، خواتین رائیڈرز اور سینکڑوں گاہکوں سے متعلق تحقیقات جاری. گارڈن سے گرفتار ہونے والی مبینہ “کوکین کوئین” انمول عرف پنکی سے متعلق تحقیقات میں سنسنی خیز انکشافات سامنے آئے ہیں۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق ملزمہ کراچی کے جہانگیر روڈ، ابوالحسن اصفہانی روڈ اور ڈیفنس کے علاقوں میں رہائش پذیر رہی اور کم عمری میں ہی منشیات کے دھندے سے وابستہ ہوگئی تھی۔
تفتیش میں یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ ملزمہ 10 سے 15 ہزار روپے فی گرام میں کوکین خرید کر اس میں مختلف کیمیکل ملا کر 40 سے 45 ہزار روپے فی گرام تک فروخت کرتی تھی۔
حکام کا کہنا ہے کہ انمول عرف پنکی کوکین تیار کرنے اور اسے کیمیکل کے ذریعے بڑی مقدار میں تبدیل کرنے میں مہارت رکھتی تھی۔ ذرائع کے مطابق ملزمہ 200 سے 300 گرام کوکین کو ایک کلوگرام تک بڑھانے کی صلاحیت رکھتی تھی اور ایک “کوکین انڈہ” آٹھ لاکھ روپے تک میں فروخت کیا جاتا تھا۔
تفتیشی حکام کے مطابق ملزمہ نے کراچی میں منشیات تیار کرنے کے لیے باقاعدہ لیبارٹری قائم کر رکھی تھی جہاں سے کیٹامائن، ایفیڈرین، میتھ اور لیٹوکین سمیت دیگر نشہ آور مواد بھی برآمد ہوا۔ چھاپے کے دوران اعلیٰ معیار کی ہینڈ میڈ ریڈ وائن کی متعدد بوتلیں اور 15 سے زائد “گولڈن کیپ” کوکین انڈے بھی قبضے میں لیے گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ انمول عرف پنکی نہ صرف کراچی بلکہ لاہور سے بھی اپنے نیٹ ورک کو آپریٹ کرتی رہی۔ کراچی کے پوش علاقوں کلفٹن اور ڈیفنس میں اس کے گاہکوں کی تعداد زیادہ تھی جبکہ منشیات کی ترسیل کے لیے خواتین رائیڈرز سمیت چار خصوصی رائیڈرز رکھے گئے تھے تاکہ گرفتاری سے بچا جا سکے۔
تحقیقات کے مطابق ملزمہ کے خریداروں میں طلبا و طالبات، نوجوان، کاروباری شخصیات اور بااثر افراد بھی شامل تھے جبکہ روزانہ لاکھوں روپے مالیت کی منشیات فروخت کی جاتی تھی۔ ذرائع کے مطابق انمول سے منشیات خریدنے والوں کی تعداد 800 سے ایک ہزار تک بتائی جا رہی ہے۔
تفتیشی ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ ملزمہ غیر ملکی باشندوں سے کوکین خریدتی تھی جو منشیات جسم کے اندر چھپا کر پاکستان اسمگل کرتے تھے۔ ذرائع کے مطابق ملزمہ کی پہلے پنجاب پولیس کے ایک اہلکار سے شادی ہوئی تھی جو بعد میں طلاق پر ختم ہوگئی، جبکہ مبینہ طور پر سابق شوہر اس کاروبار میں اس کی معاونت بھی کرتا رہا۔ بعد ازاں ملزمہ نے انصر نامی شخص سے شادی کی جو ملائیشیا میں مقیم ہے۔ ملزمہ کا دعویٰ ہے کہ موجودہ منشیات کا کاروبار اس کے شوہر انصر کا ہے۔
حکام کے مطابق انمول عرف پنکی کے خلاف مختلف تھانوں میں آٹھ مقدمات درج ہیں، جن میں قتل اور منشیات فروشی کے مقدمات شامل ہیں۔
مزید پڑھیں:اسلام آباد، قومی اسمبلی اجلاس، پی ٹی آئی ارکان میں ہاتھا پائی باہم گتھم گتھا ہوگئے
بغدادی، گارڈن، درخشاں اور گذری تھانوں میں مقدمات درج ہیں جبکہ لاہور میں بھی اس کے خلاف ایک مقدمہ موجود ہے۔ذرائع کے مطابق ملزمہ کے بینک اکاؤنٹس، جائیدادوں، سہولت کاروں اور رشتہ داروں کے نام پر خریدی گئی پراپرٹی کی بھی چھان بین جاری ہے۔













بدھ 13 مئی 2026 
