منشیات سے متعلق مقدمے میں گرفتار ملزمہ انمول عرف پنکی(Pinky) کو ڈیوٹی مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں سماعت کے دوران ملزمہ نے عدالت کے روبرو کئی الزامات عائد کیے اور اپنے اوپر درج مقدمات کو جھوٹا قرار دیا۔
سماعت کے آغاز پر ملزمہ انمول عرف پنکی نے کہا کہ اس کے ساتھ تشدد کیا گیا ہے اور اس پر جھوٹے مقدمات قائم کیے گئے ہیں۔ اس کا کہنا تھا کہ اسے تقریباً 20 دن تک حراست میں رکھا گیا اور اس دوران اس پر دباؤ ڈالا گیا کہ وہ بعض افراد کے نام لے۔ ملزمہ کے مطابق اس کے ساتھ ظلم ہوا اور اسے زبردستی بیانات دینے پر مجبور کیا گیا۔
عدالت نے صورتحال کے دوران ملزمہ کو تسلی دیتے ہوئے کہا کہ وہ آرام سے بیٹھیں اور پانی پی لیں، عدالت میں کسی کو ہراساں نہیں کیا جائے گا۔ جج نے ریمارکس دیے کہ یہ سٹی کورٹ ہے اور یہاں قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
سماعت کے دوران ملزمہ نے مزید بتایا کہ اس کے خلاف 20 سے 25 مقدمات درج کیے جا رہے ہیں اور اسے دھمکیاں دی جا رہی ہیں کہ اگر اس نے تعاون نہ کیا تو اس کے اہل خانہ کو بھی نقصان پہنچایا جائے گا۔ اس نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اس سے بعض افراد کے نام لینے کے لیے دباؤ ڈالا جا رہا ہے، جن میں ایک شخص کا تعلق بنی گالہ سے بتایا جا رہا ہے۔
مزیدپڑھیں:امریکاکا دوحہ کا ریکارڈ توڑنے کے لیے دنیاکی سب سے بڑی فٹبال بنانے کا اعلان
ملزمہ نے عدالت کو بتایا کہ اسے ایک گاڑی میں لایا گیا تھا اور گرفتاری کے وقت جو مقام بتایا جا رہا ہے وہ اس کا گھر نہیں تھا۔ اس کے مطابق اس کے ساتھ ابتدائی دنوں سے ہی غیر قانونی سلوک کیا جا رہا ہے۔
عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملزمہ کا کوئی اقبالی بیان ریکارڈ نہیں کیا جا رہا اور متعلقہ آرڈرز دوبارہ پیش کیے جائیں۔ عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ اب تک کیا تفتیش کی گئی ہے اور مزید کارروائی کی بنیاد کیا ہے۔
تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمہ کے خلاف مزید 11 مقدمات درج کیے گئے ہیں اور اس کی نشاندہی پر منشیات بھی برآمد کی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمہ کو طویل عرصے بعد گرفتار کیا گیا اور مزید ریمانڈ درکار ہے تاکہ تفتیش مکمل کی جا سکے۔
عدالت نے کیس کی مزید سماعت کے لیے متعلقہ ریکارڈ طلب کرتے ہوئے کارروائی آئندہ تاریخ تک ملتوی کر دی۔












ہفتہ 16 مئی 2026 