کمپالہ(Campala) اور روم میں اس وقت ایک پرانا مگر دلچسپ معاملہ دوبارہ خبروں کی زینت بن گیا ہے، جب یوگنڈا کے آرمی چیف (Army Chief) اور صدر یوویری موسیوینی کے صاحبزادے جنرل موہوزی کینروگابا کی اطالوی وزیراعظم جیورجیا میلونی سے متعلق متنازع سوشل میڈیا پوسٹس ایک بار پھر زیرِ بحث آ گئی ہیں۔
جنرل موہوزی نے 2022 میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اطالوی وزیراعظم جیورجیا میلونی کو شادی کی پیشکش کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ وہ مہر کے طور پر اینکولے نسل کی 100 گائیں دینے کے لیے تیار ہیں۔ اپنی پوسٹ میں انہوں نے میلونی کی تصویر بھی شیئر کی اور مذاقیہ انداز میں لکھا کہ “اگلی اطالوی وزیراعظم کی قیمت کم از کم 100 اینکولے گائیں ہونی چاہیے۔”
انہوں نے ایک اور پوسٹ میں یہاں تک لکھ دیا تھا کہ اگر ان کی پیشکش قبول نہ کی گئی تو “ہم اٹلی پر حملہ کر دیں گے”، جس کے بعد سوشل میڈیا پر شدید ردعمل سامنے آیا اور یہ معاملہ عالمی میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گیا۔
بعد ازاں جنرل موہوزی نے اطالوی سفیر کے ساتھ ملاقات کی تصاویر بھی شیئر کیں اور اسے مزاحیہ انداز میں “دلہن کے لیے مذاکرات” قرار دیا، تاہم بڑھتی تنقید کے بعد انہوں نے اپنی دھمکی آمیز پوسٹس حذف کر دیں۔
یوگنڈا کے صدر یوویری موسیوینی نے اس معاملے پر وضاحت دیتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے بیٹے کے بیانات ذاتی نوعیت کے ہیں اور ان کا حکومت کی سرکاری پالیسی سے کوئی تعلق نہیں۔ صدر نے اس بیان سے باضابطہ لاتعلقی کا اظہار بھی کیا تھا۔
واضح رہے کہ جنرل موہوزی اس سے قبل بھی سوشل میڈیا پر متنازع بیانات کے باعث خبروں میں رہ چکے ہیں۔ انہیں کینیا کے خلاف دھمکی آمیز بیانات دینے پر عارضی طور پر معطل بھی کیا جا چکا ہے، جبکہ ان کی کئی پوسٹس ماضی میں سفارتی تنازعات کا سبب بن چکی ہیں۔












ہفتہ 16 مئی 2026 