امریکا اور ایران (America Iran) کے درمیان جنگ بندی میں پاکستان کے سفارتی کردار کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔ امریکی رکنِ کانگریس جیک برگمین نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے نام تعریفی خط ارسال کرتے ہوئے پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت کی کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
کانگریشنل پاکستان کاکس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان نے کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کی راہ ہموار کرنے میں اہم کردار ادا کیا، جو دانشمندانہ سفارت کاری کی مثال ہے۔
جیک برگمین کا کہنا تھا کہ امریکا اور ایران کو مذاکرات کی میز پر لانا پاکستان کی ریاستی بصیرت اور مثبت سفارتی حکمتِ عملی کا ثبوت ہے۔ انہوں نے امن مذاکرات میں پاکستانی قیادت کے کردار پر دلی تشکر کا اظہار بھی کیا۔
مزید پڑھیں؛نقبہ سے غزہ کی تباہی تک: ایک فلسطینی کی درد بھری زندگی
امریکی رکنِ کانگریس کے مطابق وائٹ ہاؤس اور امریکی کانگریس دونوں پاکستان کے مثبت اور منفرد سفارتی کردار کا کھلے عام اعتراف کر چکے ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات مستقبل میں مزید مضبوط ہوں گے۔
جیک برگمین نے اپنے پیغام میں جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا تاکہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید وسعت دی جا سکے۔












ہفتہ 16 مئی 2026 