اسرائیلی بحریہ نے غزہ امدادی فلوٹیلا روک کر کارکنوں کو حراست میں لے لیا

Calender Icon پیر 18 مئی 2026

اسرائیلی بحریہ نے غزہ کے لیے امداد لے جانے والے ’’گلوبل صمود فلوٹیلا‘‘ کو روک کر متعدد کارکنوں کو حراست میں لے لیا ہے، جن میں ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی(Faisal Edhi) کے بیٹے سعد ایدھی(Saad Edhi) بھی شامل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سعد ایدھی 14 مئی کو ترکیہ کے شہر مارماریس سے شروع ہونے والے اس انسانی امدادی مشن میں شامل ہوئے تھے، جہاں وہ “فریڈم فلوٹیلا” کے تحت غزہ کے متاثرین کے لیے امداد لے جا رہے تھے۔

ذرائع کے مطابق اس مشن میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 500 سے زائد کارکن شریک تھے، اور اس کا مقصد غزہ میں جاری انسانی بحران کے پیش نظر فوری امداد پہنچانا تھا۔ ابتدائی پلان کے مطابق یہ مشن 6 سے 7 دن میں مکمل ہونا تھا۔

مزیدپڑھیں:پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کا ہنگامی اجلاس، حکومت پر شدید تحفظات

تاہم 18 مئی کو اسرائیلی بحریہ نے فلوٹیلا کو راستے میں روک دیا اور اس پر سوار کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔ حراست میں لیے جانے والوں میں سعد ایدھی بھی شامل ہیں، جس کی تصدیق بعد ازاں سامنے آنے والی اطلاعات میں کی گئی۔

اس واقعے کے بعد انسانی حقوق کے حلقوں اور سماجی کارکنوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے، جبکہ امدادی مشن کے مستقبل سے متعلق سوالات بھی اٹھنے لگے ہیں۔