ایران نے آبنائے ہرمز پر نگرانی سخت کردی، نیا ادارہ متحرک

Calender Icon پیر 18 مئی 2026

ایران (Iran) نے آبنائے ہرمز میں بحری نقل و حرکت پر نگرانی مزید سخت کرتے ہوئے ایک نئے ادارے “پرشیئن گلف اسٹریٹ اتھارٹی” کو فعال کر دیا ہے، جس نے اب سوشل میڈیا پر بھی اپنی باضابطہ موجودگی قائم کر لی ہے۔

رپورٹس کے مطابق ادارے نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تمام بحری جہازوں کو پیشگی اجازت لینا لازمی ہوگی۔ حکام کے مطابق بغیر اجازت گزرنے والے جہازوں کو غیر قانونی تصور کیا جائے گا اور ان کے خلاف کارروائی کی جا سکتی ہے۔

مزید پڑھیں؛ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں اضافہ، ٹرمپ کی سخت دھمکی

نئے ادارے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پہلے بیان میں کہا کہ مخصوص بحری حدود میں داخل ہونے والے جہازوں کے لیے ایرانی مسلح افواج اور متعلقہ حکام سے مکمل رابطہ اور پیشگی منظوری ضروری ہوگی۔

یاد رہے کہ “پرشیئن گلف اسٹریٹ اتھارٹی” مئی کے آغاز میں قائم کی گئی تھی، جس کا مقصد آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کو منظم کرنا، اجازت نامے جاری کرنا اور سیکیورٹی نگرانی کو مؤثر بنانا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق نئے نظام کے تحت ہر بحری جہاز کو سفر سے قبل ایک تفصیلی فارم جمع کرانا ہوگا، جس میں جہاز کی ملکیت، عملے کی قومیت، سامان کی نوعیت، انشورنس اور منزل سمیت متعدد معلومات فراہم کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بعض جہازوں سے ایرانی کرنسی میں فیس یا سیکیورٹی ضمانت طلب کیے جانے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں، تاہم اس حوالے سے باضابطہ تفصیلات تاحال جاری نہیں کی گئیں۔