ابوظہبی: ابوظہبی ٹی 10 لیگ(T10 League) کا آغاز نومبر 2026 میں ہوگا، جس کے سنسنی خیز مقابلے 7 سے 20 نومبر تک تاریخی زاید کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
لیگ انتظامیہ نے نئے ایڈیشن کے لیے بڑے انتظامی اور تجارتی منصوبوں کا بھی اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت ابوظہبی کرکٹ اینڈ اسپورٹس ہب نے ٹورنامنٹ کے مکمل انتظامی و تجارتی حقوق سنبھال لیے ہیں۔ حکام کے مطابق نئے ڈھانچے کا مقصد ٹی 10 لیگ کو عالمی سطح پر مزید مستحکم اور مقبول اسپورٹس برانڈ بنانا ہے۔
ابوظہبی کرکٹ اینڈ اسپورٹس ہب کے چیئرمین عارف العوانی نے کہا کہ ٹی 10 لیگ نے مختصر وقت میں دنیا بھر کے کرکٹ شائقین کی توجہ حاصل کی اور اب اسے ایک عالمی معیار کے اسپورٹس پراڈکٹ میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق لیگ میں شائقین کو پہلے کی طرح تیز رفتار اور سنسنی خیز مقابلے، بین الاقوامی اسٹار کھلاڑیوں کی شرکت اور جدید براڈکاسٹ سہولیات میسر رہیں گی۔
مزیدپڑھیں:عید الاضحیٰ پراسٹیٹ بینک کا تین روزہ تعطیلات کا اعلان
دوسری جانب لیگ کے بانی شجیع الملک نے اس پیش رفت کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ادارہ جاتی حمایت اور مضبوط انتظامی ڈھانچے کے ذریعے ٹی 10 لیگ اب مزید بڑی عالمی کامیابی حاصل کرنے کے لیے تیار ہے۔ابوظہبی کرکٹ اینڈ اسپورٹس ہب کے چیف ایگزیکٹو میٹ بوچر کے مطابق مستقبل میں لیگ کی توجہ بہتر گورننس، کھلاڑیوں کے مضبوط نظام اور عالمی نشریاتی و تجارتی مواقع کو وسعت دینے پر مرکوز رہے گی تاکہ ٹی 10 لیگ کو دنیا کی نمایاں کرکٹ لیگز میں شامل کیا جا سکے۔












جمعہ 22 مئی 2026 