کراچی میں اسٹریٹ کرائم کے بعد پولیس کا نیا اقدام، شہریوں کے لیے حفاظتی اسکواڈ

Calender Icon جمعہ 22 مئی 2026

سندھ پولیس(Sindh Police) نے بینکوں سے بڑی رقم لے کر نکلنے والے شہریوں کے لیے خصوصی سیکیورٹی فراہم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ اقدام کراچی میں حالیہ دنوں میں بڑھتی ہوئی وارداتوں کے بعد سامنے آیا ہے، جہاں بینک سے نقدی لے کر نکلنے والے افراد کو لوٹنے کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق شہریوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے یہ سہولت مفت فراہم کی جا رہی ہے، جس کے تحت کوئی بھی شہری بینک سے رقم نکالنے کے بعد پولیس سیکیورٹی کے ساتھ اپنی منزل تک جا سکتا ہے۔ اس مقصد کے لیے مختلف تھانوں کے اسٹیشن ہاؤس آفیسرز (ایس ایچ اوز) کی جانب سے بینکوں کے باہر آگاہی بینرز بھی آویزاں کیے گئے ہیں، جن میں شہریوں کو متعلقہ تھانوں سے رابطہ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام شہریوں کو اسٹریٹ کرائم سے محفوظ رکھنے اور اعتماد بحال کرنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ تاہم زمینی صورتحال میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ شہری اس سہولت سے کم ہی فائدہ اٹھا رہے ہیں، جسے پولیس پر اعتماد کی کمی اور سیکیورٹی اقدامات کے بارے میں شکوک کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

مزیدپڑھیں:پاکستان کا پیٹرولیم درآمدی بل تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

شہری حلقوں کے مطابق اگرچہ پولیس کی جانب سے اعلان مثبت ہے، لیکن عملی طور پر فوری اور مؤثر ردعمل نہ ہونے کی وجہ سے لوگ اب بھی نجی طور پر حفاظتی انتظامات کو ترجیح دیتے ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فراہم کرنے کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے اور شہریوں کو ترغیب دی جا رہی ہے کہ وہ اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔