سعودی محکمہ موسمیات نے حج سیزن(Hajj Season) کے دوران شدید گرمی کی پیشگوئی کرتے ہوئے عازمین حج کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دنوں میں مکہ مکرمہ میں درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے، جبکہ مدینہ منورہ میں پارہ 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حج کے ایام کے دوران ہوا میں نمی کا تناسب تقریباً 40 فیصد تک رہنے کا امکان ہے، جبکہ کھلے علاقوں میں گرد آلود ہوائیں بھی چل سکتی ہیں جس سے عازمین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
مزید یہ کہ جازان، عسیر، الباحہ اور مکہ کے پہاڑی علاقوں میں بعض مقامات پر طوفانی ہواؤں اور بارش کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس سے موسم میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
سعودی حکام نے عازمین حج کو ہدایت کی ہے کہ وہ سخت گرمی میں پانی کا زیادہ استعمال کریں، غیر ضروری طور پر دھوپ میں زیادہ دیر تک نہ رہیں اور تمام حفاظتی ہدایات پر سختی سے عمل کریں تاکہ ہیٹ اسٹروک اور پانی کی کمی جیسے خطرات سے بچا جا سکے۔
مزیدپڑھیں:پنجاب میں عید کے دوران آلائشیں پھینکنے پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق اب تک بیرون ملک سے آنے والے حجاج کی تعداد 15 لاکھ 18 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے، جن میں بڑی تعداد فضائی راستے سے مکہ مکرمہ پہنچی ہے۔
دوسری جانب گزشتہ روز ذی الحجہ کے پہلے جمعہ کو مسجد الحرام میں لاکھوں زائرین نے نماز جمعہ ادا کی، جبکہ مناسک حج کا اہم رکن وقوفِ عرفہ 26 مئی کو ادا کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق حج انتظامات کو کامیاب بنانے کے لیے تمام ادارے متحرک ہیں اور عازمین کی سہولت کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔












اتوار 24 مئی 2026 