National Database and Registration Authority نے شہریوں کو شناختی فراڈ سے محفوظ رکھنے اور ان کے ذاتی ڈیٹا کی نگرانی کیلئے نئی سہولت متعارف کرا دی ہے، جس کے تحت اب شہری اپنے شناختی کارڈ کے گزشتہ 10 سال کے استعمال کا مکمل ریکارڈ باآسانی چیک کر سکیں گے۔
نادرا کے مطابق یہ سہولت Pak ID موبائل ایپ اور آفیشل ویب پورٹل کے ذریعے فراہم کی گئی ہے، جہاں صارفین یہ جان سکیں گے کہ ان کا شناختی کارڈ کہاں، کب اور کس مقصد کیلئے استعمال ہوا۔ اس ریکارڈ میں بینک اکاؤنٹس کھلوانے، سم کارڈز کے اجرا، بائیومیٹرک تصدیق اور دیگر ویریفکیشن سرگرمیوں کی تفصیلات شامل ہوں گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد شہریوں کو جعلی سرگرمیوں، غیر قانونی استعمال اور شناختی چوری جیسے خطرات سے آگاہ کرنا ہے تاکہ وہ بروقت کارروائی کر سکیں۔
نادرا کی جانب سے جاری طریقہ کار کے مطابق صارفین سب سے پہلے اپنے موبائل فون میں Pak ID App ڈاؤن لوڈ کریں، پھر لاگ اِن تفصیلات کے ذریعے اکاؤنٹ کھولیں۔ اس کے بعد مین مینو میں موجود “Usage History” یا “Verification History” کے آپشن پر کلک کریں۔
مزیدپڑھیں:مسلح افواج کی قیادت کا عیدالضحیٰ کے موقع پر قوم کے نام خصوصی پیغام
ایپ میں ابتدائی طور پر گزشتہ 15 دنوں کی سرگرمی نظر آئے گی، تاہم صارفین مکمل ریکارڈ میں جا کر گزشتہ 10 برسوں کے دوران شناختی کارڈ کے استعمال کی تمام تفصیلات حاصل کر سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ شہری Pak Identity Web Portal کے ذریعے بھی اپنے شناختی کارڈ کی ویریفکیشن اور استعمال کی ہسٹری چیک کر سکتے ہیں۔
نادرا نے یہ سہولت بھی فراہم کی ہے کہ اگر کوئی شہری صرف اپنے شناختی کارڈ پر رجسٹرڈ سمز کی تعداد معلوم کرنا چاہے تو وہ اپنا شناختی کارڈ نمبر 668 پر ایس ایم ایس کر کے معلومات حاصل کر سکتا ہے۔












بدھ 27 مئی 2026 