اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف (Shahbaz Sharif) نے یو این امن دستوں کے عالمی دن کے موقع پر اقوام متحدہ کے پرچم تلے خدمات انجام دینے والے مرد و خواتین کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ یہ دن دنیا بھر میں امن کے لیے جانیں قربان کرنے والے اہلکاروں کی خدمات اور قربانیوں کو تسلیم کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ اس سال کا موضوع ’’امن میں سرمایہ کاری‘‘ اس بات کی یاد دہانی ہے کہ عالمی امن کے لیے سیاسی عزم اور مالی تعاون انتہائی ضروری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں 20 لاکھ سے زائد مرد و خواتین اقوام متحدہ کے 70 سے زیادہ امن مشنز میں خدمات انجام دے چکے ہیں، جو عالمی امن کے قیام میں ان مشنز کی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کے مطابق پاکستان اقوام متحدہ کے امن مشنز میں طویل عرصے سے نمایاں کردار ادا کرتا آ رہا ہے اور 1960 سے اب تک 48 سے زائد مشنز میں 2 لاکھ 35 ہزار سے زائد پاکستانی اہلکار خدمات انجام دے چکے ہیں، جن میں 500 سے زائد خواتین بھی شامل ہیں۔
مزید پڑھیں؛اقوام متحدہ امن مشنز میں پاکستان کی شاندار خدمات، بلیو ہیلمٹس کو خراجِ تحسین
انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پانچویں بڑے حصہ دار ملک کے طور پر اپنی ذمہ داریاں نبھا رہا ہے، جو ملک کے لیے باعثِ فخر ہے۔
وزیراعظم نے مزید بتایا کہ ان امن مشنز کے دوران 4 ہزار 400 سے زائد پاکستانی اہلکار جان کی قربانی دے چکے ہیں، جن میں 181 سے زائد اہلکار اقوام متحدہ کے امن مشنز میں خدمات کے دوران شہید ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے شہداء اور ان بہادر مرد و خواتین پر فخر کرتا ہے جنہوں نے عالمی امن کے لیے اپنی جانیں قربان کیں اور انسانیت کی خدمت کا روشن باب رقم کیا۔












جمعہ 29 مئی 2026 