مس یونیورس 2026 سے فرانس کی دستبرداری، عالمی مقابلۂ حسن میں نیا تنازع

Calender Icon ہفتہ 30 مئی 2026

مس یونیورس 2026 کے انعقاد سے قبل ہی ایک بڑا تنازع سامنے آ گیا ہے، جہاں مس فرانس(France) تنظیم نے اعلان کیا ہے کہ وہ 73 برس بعد اس عالمی مقابلۂ حسن میں شرکت نہیں کرے گی۔

فرانس 1952 سے مسلسل مس یونیورس مقابلے کا حصہ رہا ہے، تاہم پہلی بار 1952 کے بعد ایسا ہوگا کہ فرانس کی نمائندہ اس ایونٹ میں شریک نہیں ہوگی۔

مس فرانس کمپنی نے انسٹاگرام پر جاری بیان میں کہا کہ وہ مس یونیورس 2026 میں شرکت سے دستبردار ہو رہی ہے، اور یہ فیصلہ تنظیم کی شناخت اور بنیادی اقدار کے تحفظ کے لیے کیا گیا ہے۔

بیان کے مطابق 2025 کے مقابلے میں سامنے آنے والی انتظامی خامیوں اور بعض معاملات پر تحفظات کے بعد یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔ تنظیم نے واضح کیا کہ یہ فیصلہ صرف ایک سال کے ایڈیشن کے لیے ہے اور مستقل طور پر مقابلہ چھوڑنے کا اعلان نہیں کیا گیا۔

مس فرانس کے صدر فریڈرک گلبرٹ نے کہا کہ مس یونیورس ہمیشہ فرانس کے لیے عالمی شناخت کا اہم پلیٹ فارم رہا ہے، لیکن تنظیم کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی اقدار کے مطابق فیصلے کرے۔ ان کے مطابق مستقبل میں حالات کا جائزہ لے کر دوبارہ شرکت کا امکان موجود رہے گا۔

اس اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف ردعمل سامنے آئے، جہاں بعض صارفین نے اسے درست فیصلہ قرار دیا جبکہ کچھ نے دیگر ممالک کو بھی اسی راستے پر چلنے کا مشورہ دیا۔

مزیدپڑھیں:امریکا کا ایران کے خلاف بڑا دعویٰ، ایک ارب ڈالر کے کرپٹو اثاثے ضبط کرنے کا اعلان

دوسری جانب مس یونیورس آرگنائزیشن نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2026 کے سائیکل میں تنظیمی ڈھانچے میں کچھ تبدیلیاں کی جا رہی ہیں، جن کا مقصد مقابلے کے معیار اور انتظامی نظام کو بہتر بنانا ہے۔

تنظیم کے مطابق فرانس کے پلیٹ فارم کے انتظامی امور کو مزید منظم کرنے کے لیے ایک نیا ماڈل متعارف کرایا جا رہا ہے، تاکہ بین الاقوامی معیار کو برقرار رکھا جا سکے۔

یاد رہے کہ مس یونیورس 2025 بھی مختلف انتظامی تنازعات اور ججز کے استعفوں کی وجہ سے خبروں میں رہی تھی، اور اب 2026 کا ایڈیشن بھی ان ہی تنازعات کے سائے میں نظر آ رہا ہے۔