گوجرانوالہ: معمولی رقم کے تنازع پر داماد کے ہاتھوں سسر قتل، ایک بچی زخمی

Calender Icon ہفتہ 30 مئی 2026

گوجرانوالہ (Gojranwala) کے علاقے تھانہ اروپ کی حدود عدیل ٹاؤن، کوٹ اسحاق میں صرف 3500 روپے کے تنازع پر افسوسناک واقعہ پیش آیا جس میں ایک شخص جان کی بازی ہار گیا جبکہ ایک کمسن بچی زخمی ہوگئی۔

پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب افضل اپنے بیٹے شہروز کے ہمراہ ترازو کا سامان لینے عدیل ٹاؤن گئے تھے۔ اسی دوران مبینہ طور پر بہنوئی ملک سلمان سے 3500 روپے کے لین دین پر تلخ کلامی شروع ہوگئی۔

ایف آئی آر کے مطابق جھگڑے کے دوران سلمان نے رقم کا تقاضا کرتے ہوئے گالم گلوچ کی، جس پر معاملہ مزید بگڑ گیا۔ الزام ہے کہ سلمان کی والدہ شبانہ نے مبینہ طور پر گھر سے پستول لا کر دیا اور کہا کہ انہیں سبق سکھایا جائے۔

مزید پڑھیں؛لاہور: شادباغ میں بیٹے کا ماں پر تشدد اور فائرنگ، خاتون زخمی

پولیس کا کہنا ہے کہ اسی دوران فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں سسر افضل موقع پر جاں بحق ہوگیا، جبکہ قریب موجود 5 سالہ بچی سحر بھی زخمی ہوگئی۔ شہروز اس واقعے میں محفوظ رہا۔

پولیس نے مقتول کے بیٹے شاہ زیب کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔ متاثرہ خاندان کے مطابق پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے مزید وقت مانگا ہے۔