فلک شبیر کا عوامی لباس سے متعلق بیان، سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی

Calender Icon ہفتہ 6 جون 2026

ملک کے معروف گلوکار فلک شبیر(Falak Shabbir) ایک حالیہ سوشل میڈیا پوسٹ کے بعد بحث کی زد میں آ گئے ہیں۔

گلوکار نے پنجاب حکومت کی جانب سے ویپ پوڈز کے خلاف کیے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے اسے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا، تاہم ساتھ ہی انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے عوامی مقامات پر لباس کے حوالے سے بھی توجہ دینے کی درخواست کی۔

اپنی پوسٹ میں فلک شبیر نے مؤقف اختیار کیا کہ بطور دو بیٹیوں کے والد وہ چاہتے ہیں کہ بازاروں اور سڑکوں جیسے عوامی مقامات پر لباس کے حوالے سے ضابطہ اخلاق پر غور کیا جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عوامی مقامات پر چھوٹے لباس پہننے پر پابندی عائد کی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے اقدامات معاشرتی اور ثقافتی اقدار کے تحفظ میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔ ان کی اہلیہ اور اداکارہ سارہ خان نے بھی ان کا یہ پیغام سوشل میڈیا پر شیئر کیا۔

مزیدپڑھیں:پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بڑے اقتصادی معاہدے طے پا گئے

یہ بیان سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر ملا جلا ردعمل دیکھنے میں آیا۔ متعدد صارفین نے ان کے مؤقف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ فلک شبیر خود اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ برطانیہ میں مقیم ہیں، اس لیے انہیں ذاتی آزادی اور انتخاب کے حق کا احترام کرنا چاہیے۔

کچھ صارفین نے ان کے بیان کو غیر ضروری اخلاقی نگرانی قرار دیا جبکہ دیگر نے اسے توجہ حاصل کرنے کی کوشش سے تعبیر کیا۔

اس معاملے پر سوشل میڈیا پر بحث جاری ہے اور مختلف طبقات کی جانب سے متضاد آرا سامنے آ رہی ہیں۔