سام سنگ کے آئندہ متوقع اسمارٹ فون Samsung Galaxy A27 سے متعلق لیکس کا سلسلہ جاری ہے اور اب اس ڈیوائس کا ایک نیا رنگ بھی سامنے آ گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق گزشتہ ہفتے سامنے آنے والی رینڈر تصاویر میں فون کو تین مختلف رنگوں میں دکھایا گیا تھا، جس سے اس کے ڈیزائن کی پہلے سے گردش کرنے والی معلومات کی تصدیق ہوئی تھی۔ اب تازہ لیک میں فون کا ایک نیا رنگ منظر عام پر آیا ہے، جسے ممکنہ طور پر Awesome Mint کے نام سے متعارف کرایا جائے گا۔
لیک شدہ تصاویر ایک ریٹیل لسٹنگ میں دیکھی گئی ہیں، جہاں اسمارٹ فون کو ہلکے سبز رنگ کے دلکش شیڈ میں پیش کیا گیا۔ اس نئے رنگ کے اضافے سے اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ سام سنگ نوجوان صارفین کو مدنظر رکھتے ہوئے مزید پرکشش ڈیزائن متعارف کرانے کی تیاری کر رہا ہے۔
مزیدپڑھیں:فرنچ فرائز کے شوقین ہوجائیں خبردار، نئی تحقیق میں ذیابیطس سے تعلق کا انکشاف سامنے آگیا
اگرچہ Samsung نے ابھی تک گلیکسی اے 27 کی لانچ تاریخ یا مکمل خصوصیات کا باضابطہ اعلان نہیں کیا، تاہم اطلاعات کے مطابق یہ ڈیوائس 2026 کی دوسری ششماہی میں متعارف کرائی جا سکتی ہے۔
لیک ہونے والی تفصیلات کے مطابق فون میں کوالکوم اسنیپ ڈریگن 6 جین 3 پروسیسر دیا جائے گا، جبکہ صارفین کو 8 جی بی تک ریم اور 256 جی بی تک اسٹوریج کے آپشنز دستیاب ہوں گے۔ یہ اسمارٹ فون اینڈرائیڈ 16 پر مبنی ون یو آئی 8.5 کے ساتھ پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
ڈسپلے کے حوالے سے بتایا جا رہا ہے کہ فون میں 6.7 انچ کا فل ایچ ڈی پلس اسکرین پینل ہوگا، جبکہ فوٹوگرافی کے لیے 50 میگا پکسل کا مرکزی کیمرہ شامل کیا جائے گا۔
بیٹری کے شعبے میں بھی صارفین کو بہتر کارکردگی ملنے کی توقع ہے، کیونکہ ڈیوائس میں 5000 ایم اے ایچ کی بڑی بیٹری دیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جو روزمرہ استعمال کے دوران طویل بیک اپ فراہم کر سکتی ہے۔
تاہم سام سنگ کی جانب سے باضابطہ اعلان تک ان تمام تفصیلات کو غیر مصدقہ لیکس ہی تصور کیا جا رہا ہے۔












پیر 8 جون 2026 