شلپا شندے کا جھوٹے ہراسانی مقدمے کا اعتراف: اپاسنا سنگھ اداکارہ کی حمایت میں بول اٹھیں

Calender Icon منگل 9 جون 2026

بھارتی اداکارہ اپاسنا سنگھ(Upasana Singh) نے شلپا شندے(Shilpa Shinde) کے متنازع بیان کے بعد اِن کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ غلطی تسلیم کرنے کے باوجود شلپا کو ولن بنا کر پیش نہیں کیا جانا چاہیے۔

بھارتی ٹی وی اداکارہ اور سیاستدان شلپا شندے نے حال ہی میں اعتراف کیا تھا کہ میری جانب سے تقریباً 10 سال قبل پروڈیوسر سنجے آر کوہلی کے خلاف دائر کیا گیا جنسی ہراسانی کا مقدمہ جھوٹا تھا۔

اب ایک انٹرویو کے دوران اداکارہ اپاسنا سنگھ نے شلپا کے حق میں بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ شلپا شندے ایک نیک دل اور مددگار شخصیت کی مالک ہیں، شلپا نے ہمیشہ سیٹ پر جونیئر عملے اور ضرورت مند افراد کی مدد کی اور ان کے مسائل کے لیے آواز اٹھائی۔

مزیدپڑھیں:شاہ رخ خان کو چھوڑ کر مائیکل جیکسن سے ملنے چلی گئی تھی: فرح خان کا دلچسپ انکشاف

اپاسنا نے مزید کہا کہ شلپا نے اپنی غلطی تسلیم کی اور عوام کے سامنے اس کا اعتراف کیا جو بڑی ہمت کی بات ہے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ لوگ شلپا شندے پر تنقید کر سکتے ہیں لیکن اِنہیں صرف منفی کردار کے طور پر پیش کرنا درست نہیں۔

یاد رہے کہ 2016ء میں کامیڈی شو ’بھابی جی گھر پر ہیں‘ چھوڑنے کے بعد شلپا شندے اور شو کے پروڈیوسرز کے درمیان تنازع شدت اختیار کر گیا تھا، بقول اداکارہ کے معاملہ پیسوں کی لین دین کا تھا مگر انہوں نے پروڈیوسر کے خلاف ہراسانی کا جھوٹا مقدمہ درج کروادیا، بعد ازاں معاملہ عدالت سے باہر حل ہو گیا تھا۔

اب حالیہ دنوں میں شلپا کے اعتراف کے بعد معاملہ دوبارہ خبروں میں آ گیا ہے اور مختلف حلقوں کی جانب سے سخت ردِعمل سامنے آ رہا ہے۔