پیپلز پارٹی سے مذاکرات کامیاب، این ایف سی فارمولے میں تبدیلی نہیں ہوگی، ذرائع

Calender Icon بدھ 10 جون 2026

پاکستان پیپلز پارٹی(Pakistan People’s Party) سے حکومتی مذاکرات کامیاب ہو گئے ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ این ایف سی فارمولے میں تبدیلی نہیں ہوگی۔

نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت تکنیکی کمیٹی کے پیپلز پارٹی سے کامیاب مذاکرات کے بعد ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاق کو آیندہ مالی سال کے ٹیکس ہدف کی اضافی رقم فراہم کی جائے گی، اور قومی محاصل کی تقسیم کے لیے این ایف سی کے فارمولے میں تبدیلی نہیں ہوگی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاق رواں مالی سال کے ٹیکس ہدف پر آیندہ مالی سال صوبوں کو محاصل دے گا، اور رواں مالی سال کی نسبت آیندہ مالی سال کے اضافی محاصل وفاق کو دیے جائیں گے، صوبے گرانٹس کے لیے وفاق کو اضافی محاصل فراہم کریں گے۔

مزیدپڑھیں:کویت نے گھریلو ملازمین کی بھرتی کے لیے صرف 10 ممالک کی منظوری دے دی

رواں مالی سال کا ٹیکس 13005 ارب روپے اور آیندہ مالی سال کا ٹیکس ہدف 15264 ارب روپے ہوگا، آیندہ مالی سال کے لیے ٹیکس ہدف میں 2259 ارب روپے کا اضافہ ہوگا، صوبے وفاق کو 1200 ارب روپے سے زائد کی رقم گرانٹس کی مد میں فراہم کریں گے، جب کہ وفاق آیندہ چند سال میں یہ رقم صوبوں کو واپس کرے گا۔

ذرائع کے مطابق وفاق کو آیندہ مالی سال میں پنجاب سے 620 ارب روپے فراہم کیے جانے کا امکان ہے، سندھ سے 310 ارب روپے، خیبرپختونخواہ سے 180 ارب روپے، اور بلوچستان سے 85 ارب روپے سے زائد کی رقم وفاق دی جا سکتی ہے۔