قیمتوں کی جنگ نے چینی موٹرسائیکل انڈسٹری کو خطرے میں ڈال دیا

Calender Icon اتوار 14 جون 2026

 دنیا کے سب سے بڑے موٹرسائیکل برآمد کنندہ ملک چین(china) نے اپنی موٹرسائیکل صنعت سے وابستہ کمپنیوں کو قیمتوں کی شدید مسابقت ختم کرنے اور معیار پر توجہ دینے کی ہدایت کی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق  چائنا موٹرسائیکل چیمبر آف کامرس نے ایک بیان میں خبردار کیا ہے کہ سستی قیمتوں پر فروخت کی دوڑ  ایک جیسے مصنوعات کی بھرمار اور نقل پر مبنی پیداوار صنعت کے منافع اور عالمی ساکھ کو نقصان پہنچا رہی ہے۔

تنظیم کے مطابق اگرچہ چینی موٹرسائیکلوں کی برآمدات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور عالمی منڈیوں میں مقامی برانڈز کی پہچان بہتر ہوئی ہے، تاہم بعض کاروباری رویے صنعت کی طویل المدتی ترقی کے لیے خطرہ بن رہے ہیں۔

بیان میں کمپنیوں پر زور دیا گیا کہ وہ صرف قیمت کم کرنے کے بجائے تحقیق، جدت اور بہتر معیار پر سرمایہ کاری کریں تاکہ عالمی سطح پر چینی مصنوعات کی ساکھ مضبوط ہو سکے۔

مزیدپڑھیں:دل کے دورے و فالج کے 99 فیصد کیسز چار خطرناک عوامل سے جڑے ہیں، بڑی تحقیق

ماہرین کے مطابق چین کی موٹرسائیکل صنعت گزشتہ چند برسوں میں عالمی منڈی میں تیزی سے پھیلی ہے، لیکن شدید مسابقت کے باعث کئی کمپنیاں کم منافع پر کاروبار کرنے پر مجبور ہیں، جس سے صنعت کی پائیدار ترقی متاثر ہو سکتی ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر قیمتوں کی یہ جنگ جاری رہی تو مستقبل میں چھوٹی اور درمیانی درجے کی کئی کمپنیاں مالی مشکلات کا شکار ہو سکتی ہیں