نفرت پر مبنی بیانیوں، تعصب اور اشتعال انگیزی کا مقابلہ اجتماعی ذمہ داری ہے: صدر مملکت

Calender Icon جمعرات 18 جون 2026

صدر مملکت آصف علی زرداری(Asif Ali Zardari) نے کہا ہے کہ نفرت پر مبنی بیانیوں، تعصب اور اشتعال انگیزی کا مقابلہ اجتماعی ذمہ داری ہے۔
نفرت انگیز تقاریر کے انسداد کے عالمی دن کے موقع پر صدرِ اسلامی جمہوریہ پاکستان کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ نفرت انگیز تقاریر امن، انسانی وقار اور سماجی ہم آہنگی کیلئے سنگین خطرہ ہیں، نفرت پر مبنی بیانیوں، تعصب اور اشتعال انگیزی کا مقابلہ اجتماعی ذمہ داری ہے، اسلام رحمت، رواداری، عدل، اعتدال اور انسانیت کے احترام کا درس دیتا ہے۔۔

انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل دور میں اظہارِ رائے کے ساتھ ذمہ داری بھی لازم ہے، سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد تقسیم، بداعتمادی اور تشدد کو فروغ دیتا ہے، پاکستان مختلف مذاہب، مسالک اور ثقافتوں پر مشتمل متنوع معاشرہ ہے، بین المذاہب ہم آہنگی اور بین المسالک افہام و تفہیم کو مزید فروغ دینا ہوگا۔

مزیدپڑھیں:مزیدپڑھیں:ایران معاہدے کی مخالفت پر ٹرمپ اعلیٰ عہدیداروں کی برطرفی پر غور کرنے لگے

آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ آئینِ پاکستان ہر شہری کے مساوی حقوق، مذہبی آزادی اور انسانی وقار کی ضمانت دیتا ہے، قومی اتحاد، باہمی احترام اور رواداری ہی ہماری اجتماعی قوت ہیں، علمائے کرام، اساتذہ، میڈیا، سول سوسائٹی اور نوجوان نفرت انگیز بیانیوں کے خاتمے میں فعال کردار ادا کریں۔

صدر مملکت نے مزید کہا کہ نفرت انگیز تقاریر کا تدارک صرف قانون سے نہیں، تعلیم اور اخلاقی تربیت سے بھی ممکن ہے، اختلافات کو نفرت نہیں بلکہ باہمی فہم و ادراک اور مکالمے سے حل کیا جانا چاہیے، اللہ تعالیٰ پاکستان کو امن، استحکام، اتحاد اور خوشحالی سے نوازے۔