16 سال کے نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کو ڈرائیونگ پرمٹ ملنا شروع

Calender Icon ہفتہ 20 جون 2026

16 سال کی عمر کے نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ(Juvenile Driving Permit) کا اجراء کر دیا گیا ہے۔

ترجمان ٹریفک کے مطابق جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ والدین کی اجازت کے بعد جاری کیا جائے گا۔ اس پرمٹ کے حصول کے لیے اسمارٹ کارڈ یا ب فارم لازم ہو گا۔

چیف ٹریفک آفیسر فرحان اسلم نے کہا کہ یہ پرمٹ صرف موٹر سائیکل چلانے کے لیے ہوگا، جس پر 125 سی سی تک موٹر سائیکل یا اسکوٹی چلانے کی اجازت ہو گی۔

ٹریفک ترجمان نے مزید کہا کہ جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ کے لیے سائن اور روڈ ٹیسٹ لیے جائیں گے۔ ٹیسٹ پاس کرنے والوں کو موقع پر ڈرائیونگ پرمٹ جاری کر دیا جائے گا۔

مزیدپڑھیں:مصنوعی کششِ ثقل والے خلائی اسٹیشنز حقیقت کے قریب تر

اس پرمٹ کی سالانہ فیس 500 اور 1000 روپے مقرر کی گئی ہے۔ سی ٹی او راولپنڈی نے کہا کہ ڈرائیونگ پر ہیلمٹ کا استعمال لازمی ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ سنگین اور متعدد ٹریفک خلاف ورزیوں پر ڈرائیونگ پرمٹ کینسل کر دیا جائے گا۔ یہ اقدام نوجوانوں میں ٹریفک قوانین کی پاسداری کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے تاکہ سڑکوں پر حادثات کی شرح کو کم کیا جا سکے اور ٹریفک کا نظام بہتر بنایا جا سکے۔